بدھ، 25-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

اپنا گھر بنانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

25 مارچ, 2026 13:06

حکومت نے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے نئی ہاؤسنگ اسکیم پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔

 اس اسکیم کے تحت ہاؤسنگ لون کی حد 35 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ شہری اب 10 مرلہ کے گھر کے لیے بھی صرف پانچ فیصد فکسڈ سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

پہلے سال حکومت سستے گھروں کے لیے 322 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی، جس میں 282 ارب روپے مارک اپ سبسڈی اور 40 ارب روپے رسک شیئرنگ کاسٹ شامل ہے۔

 اسکیم کے تحت چار سال میں پانچ لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ گھر کا سائز پہلے 5 مرلہ تھا، اب اسے بڑھا کر 10 مرلہ اور زیادہ سے زیادہ 2720 مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے۔ فلیٹ یا اپارٹمنٹ کا سائز بھی 1360 سے بڑھا کر 1500 مربع فٹ کر دیا گیا ہے۔

ہدف کے مطابق پہلے سال جون 2026 تک 50 ہزار، دوسرے سال جون 2027 تک ایک لاکھ، تیسرے سال جون 2028 تک ایک لاکھ 50 ہزار اور چوتھے سال جون 2029 تک دو لاکھ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

اس اسکیم کی سب سے بڑی خوبی کم مارک اپ ریٹ ہے۔ اب تمام گھروں اور فلیٹس کے لیے سود کی شرح صرف پانچ فیصد مقرر کی گئی ہے۔ قرض کی واپسی کے لیے 20 سال کا عرصہ دیا گیا ہے، جس سے ماہانہ قسط کا بوجھ کم ہو جائے گا۔

 ابتدائی دس سال کے دوران حکومت مارک اپ سبسڈی برداشت کرے گی تاکہ شہری آسانی سے قرض کی قسط ادا کر سکیں۔ بینک شہری کو صرف 10 فیصد رقم خود لگانے کا کہہ رہے ہیں، جبکہ باقی 90 فیصد فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ شرائط ہیں۔ صرف وہ پاکستانی شہری اہل ہوں گے جن کے پاس کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ ہو اور ملک میں پہلے سے کوئی رہائشی جائیداد نہ ہو۔ درخواست گزار اپنے موجودہ پلاٹ پر گھر تعمیر، بنا بنایا گھر یا فلیٹ خریدنے یا نیا پلاٹ خرید کر اس پر گھر بنانے کے لیے قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ اسکیم خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جو پہلی بار اپنا گھر خریدنا یا تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت نے اسے شہریوں کے لیے آسان، سستا اور قابل رسائی بنانے کی پوری تیاری کر لی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔