جمعرات، 26-مارچ،2026
جمعرات 1447/10/07هـ (26-03-2026م)

پی ٹی آئی ملک کے خلاف مہم چلانے میں ملوث ہے، عطا اللہ تارڑ

26 مارچ, 2026 15:16

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہونا چاہیے، پی ٹی آئی ملک کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ پر پاکستان آنے کی پیشکش کی تھی، لیکن وہ اس کے بجائے دوسرے غیر ضروری ذرائع پر لگے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہم نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا اور یہ لوگ باقاعدہ دعائیں مانگ رہے تھے کہ ملک دیوالیہ ہو جائے، لیکن ایسی باتیں کرنے والوں کے منہ میں خاک، کیونکہ شہباز شریف کی حکومت نے پاکستان کو معاشی تباہی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ آج پوری دنیا پاکستان کی معاشی صورتحال کی تعریف کر رہی ہے اور ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے پاکستان کی یورپی منڈیوں تک رسائی بند کروانے کی کوشش

عطا اللہ تارڑ نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے اب بھی باز نہیں آئے اور 2024 میں انہوں نے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کی مہم چلائی تاکہ ملکی ایکسپورٹرز کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو زلفی بخاری، عارف اجاکیہ اور اسرائیل کے حامیوں سے مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرتے ہیں۔ عارف اجاکیہ برطانیہ میں بھارت کے لیے مہم چلاتا ہے اور ہمیشہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹس سے کبھی اسرائیل کی مذمت نہیں دیکھی گئی، جو ان کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں پچاس لاکھ گھروں کا جھوٹا نعرہ لگایا لیکن چار سالوں میں صرف ملک کو نقصان پہنچایا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو دنیا سراہتی ہے، قومی مفاد سب سے مقدم ہونا چاہیے، کوئی بھی سیاسی جماعت پاکستان سے اوپر نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی ملک کے خلاف مہم چلانے میں ملوث ہے۔ تنقید سب کا حق ہے لیکن ملک کا وقار داؤ پر نہ لگایا جائے

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔