جمعرات، 26-مارچ،2026
جمعرات 1447/10/07هـ (26-03-2026م)

عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے پاکستان کی یورپی منڈیوں تک رسائی بند کروانے کی کوشش

26 مارچ, 2026 11:20

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے یورپی یونین سے پاکستان کی جی ایس پی پلس حیثیت ختم کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

پاکستان کی معاشی بحالی کے نازک مرحلے پر عمران خان کے بیٹوں، بالخصوص قاسم خان کی جانب سے ایک ایسا اقدام سامنے آیا ہے، جسے ماہرین نے قومی غداری اور ذاتی انتقام کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عمران خان کے بیٹوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو دی گئی، جی ایس پی پلس کی تجارتی مراعات کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔

ایک ایسے وقت میں جب ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، بیرونی تجارتی سہولیات کو نقصان پہنچانے کی یہ کوشش براہ راست قومی سالمیت اور عوامی مفاد پر حملہ تصور کی جا رہی ہے۔

یہ اپیل محض ایک سیاسی بیان نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی معاشی تخریب کاری ہے، جس کا مقصد ذاتی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کروڑوں پاکستانیوں کی معاشی بقا کو داؤ پر لگانا ہے۔

جی ایس پی پلس کوئی معمولی یا علامتی رعایت نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کے کلیدی برآمدی شعبوں، خاص طور پر ٹیکسٹائل کی صنعت کی ریڑھ کی ہڈی تصور کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی رہائی حکومت کا نہیں، عدالتوں کا کام ہے، گورنر سندھ

یہ مراعات نہ صرف پاکستان کو یورپی منڈیوں تک آسان رسائی فراہم کرتی ہیں بلکہ ملک میں لاکھوں افراد کے روزگار کی ضمانت بھی ہیں۔

کسی ایک فرد کو قانونی کارروائی یا جیل سے نجات دلانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر ملک کے خلاف لابنگ کرنا اور سیاسی دباؤ کے ہتھکنڈے استعمال کرنا تمام اخلاقی، سیاسی اور قومی حدود کو پار کرنے کے مترادف ہے۔

اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کی عالمی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری اور عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد متزلزل ہو سکتا ہے۔

حکومتی اور معاشی حلقوں کا مؤقف ہے کہ ایسے اقدامات کو کسی بھی صورت میں اختلاف رائے یا جمہوری حق کے طور پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔

یہ درحقیقت ایک مجرمانہ عمل ہے، جس کے ذریعے داخلی سیاسی لڑائی کو بین الاقوامی فورمز پر لے جا کر ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کوئی بھی محب وطن ریاست ایسے عناصر کو برداشت نہیں کر سکتی جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر غیر ملکی طاقتوں کو اپنے ہی ملک کی معیشت کو مفلوج کرنے کی دعوت دیں۔

اگر یہ کوششیں کامیاب ہوئیں تو اس کا خمیازہ کسی ایک سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ پاکستان کے غریب عوام اور مزدور طبقے کو بھگتنا پڑے گا، جس سے ملک میں بے روزگاری اور غربت کا نیا طوفان آ سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔