جمعہ، 27-مارچ،2026
جمعہ 1447/10/08هـ (27-03-2026م)

28 مارچ کو 1 گھنٹے کیلئے ملک بھر میں بجلی بند رکھنے کی اپیل؛ مگر کیوں؟

27 مارچ, 2026 10:03

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر 28 مارچ 2026 بروز ہفتہ کو ملک بھر میں عالمی مہم ‘ارتھ آور’ منائی جائے گی۔ اس مہم کا بنیادی مقصد توانائی کے تحفظ، بجلی کی بچت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عوامی شعور بڑھانا ہے۔

وفاقی کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ارتھ آور کی سرگرمیاں ہفتہ کی رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک جاری رہیں گی۔ اس ایک گھنٹے کے دوران شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گھروں، دفاتر اور دکانوں میں غیر ضروری برقی قمقمے اور آلات بند رکھیں۔

تمام وفاقی اور صوبائی وزارتوں، نیم سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی عمارتوں کی بیرونی اور غیر ضروری لائٹس بند کریں اور اس مہم کا حصہ بنیں۔ ارتھ آور صرف علامتی اقدام نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج بھی نمایاں ہیں۔ ایک گھنٹے کے لیے ملک گیر سطح پر غیر ضروری لوڈ کم ہونے سے نیشنل گرڈ پر دباؤ کم ہوگا اور ہزاروں میگا واٹ بجلی کی بچت ممکن ہوگی۔

بجلی کی کم کھپت سے ماحول میں زہریلی گیسوں کے اخراج میں کمی آتی ہے، جو گلوبل وارمنگ کے خلاف مؤثر ہے۔ یہ مہم نئی نسل کو زمین کی حفاظت اور قدرتی وسائل کے محتاط استعمال کی ترغیب بھی دیتی ہے۔

 حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 28 مارچ کی رات کو موم بتیوں کی روشنی میں وقت گزاریں اور کرہِ ارض سے اپنی محبت کا عملی ثبوت دیں۔ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ایک گھنٹے کی بچت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔