اتوار، 29-مارچ،2026
اتوار 1447/10/10هـ (29-03-2026م)

عالمی کشیدگی کے باوجود ملک میں تیل کے ذخائر تسلی بخش ہیں، وزیراعظم

29 مارچ, 2026 15:18

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدگی کے باوجود حکومت نے 125 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر کے عوام کو تیل کی قیمتوں کے براہ راست اثرات سے محفوظ رکھا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ صورتحال اور ایندھن کی بچت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی بروقت حکمت عملی کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے وفاقی حکومت نے مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے 125 ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کی ہے، جس کے ذریعے گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو اپنی گاڑیاں اپنے نام پر رجسٹر کروانے کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کریں۔

اس اقدام کا مقصد ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کرنا ہے تاکہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے دیا جانے والا ریلیف براہ راست حقدار مالکان تک پہنچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں : موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کی تجویز

اجلاس کو موٹر سائیکل سواروں کے لیے تیار کردہ فیول سپورٹ پروگرام کی موبائل ایپلی کیشن پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اپریل کے مہینے کے لیے پیٹرول کی درآمد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ روابط تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور مکمل سپلائی چین کی نگرانی کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے۔

شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں ایندھن کے حصول کے لیے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی کوئی بدانتظامی، جو حکومت کے بہترین انتظام کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دیں تاکہ قومی سطح پر ایندھن کی بچت ممکن بنائی جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔