اتوار، 29-مارچ،2026
اتوار 1447/10/10هـ (29-03-2026م)

وفاقی حکومت کی ہفتے میں دو دن اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز، صوبوں سے مشاورت طلب

29 مارچ, 2026 15:56

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتے میں دو دن اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجاویز صوبوں کو ارسال کر دی ہیں، تاہم وزیر اطلاعات نے فی الحال کسی حتمی فیصلے اور گردش کرنے والے نوٹیفیکیشن کی تردید کی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے خطے کی موجودہ صورتحال اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر ملک بھر میں ہفتہ وار دو روزہ اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاق نے یہ سفارشات چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو مشاورت کے لیے بھجوا دی ہیں۔

ان تجاویز میں سفارش کی گئی ہے کہ ہر ہفتے کے دن دوپہر بارہ بجے سے اتوار کی رات بارہ بجے تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے، جس کے دوران شادی بیاہ کی تقریبات سمیت تمام کمرشل سرگرمیوں کو روک دیا جائے یا انہیں انتہائی محدود سطح پر لایا جائے۔ اس کے علاوہ کاروباری مراکز اور دفاتر کو بھی ان ایام میں بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : میرپورخاص بورڈ میں کرپشن اسکینڈل، میٹرک اور انٹر کے ہزاروں طلبہ کے نتائج کالعدم قرار

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اس اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ چار اپریل سے شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاہم اس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن تمام صوبائی حکومتوں کی رضا مندی حاصل ہونے کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات نے اس معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال اسمارٹ لاک ڈاؤن کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کرنے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نوٹیفیکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے غلط نوٹیفیکیشن چلایا جو کہ بالکل درست نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت مختلف تجاویز پر غور ضرور کر رہی ہے، لیکن کسی بھی فیصلے کا اعلان تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔