میرپورخاص بورڈ میں کرپشن اسکینڈل، میٹرک اور انٹر کے ہزاروں طلبہ کے نتائج کالعدم قرار

میرپورخاص تعلیمی بورڈ میں 2021 سے 25 کے درمیان ہزاروں طلبہ کو جعلسازی کے ذریعے پاس کروانے کا بڑا اسکینڈل سامنے آنے پر چیئرمین بورڈ نے ڈھائی ہزار سے زائد اسناد منسوخ کر دی ہیں۔
تعلیمی میدان میں بدعنوانی کا ایک بڑا اسکینڈل میرپورخاص میں بے نقاب ہوا ہے، جہاں بورڈ افسران اور نجی تعلیمی اداروں کی ملی بھگت سے ہزاروں طلبہ کو جعلی اسناد جاری کی گئیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار اکیس سے دو ہزار پچیس کے دوران بورڈ کے اہلکاروں نے بھاری رشوت کے عوض من پسند نمبروں میں اضافہ کیا، جعلی رجسٹریشن اور فرضی ریکارڈ کے ذریعے ایسے طلبہ کو بھی پاس کروایا، جنہوں نے کبھی امتحانی فارم تک جمع نہیں کروائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، واٹر اور ای مارکنگ کے ذریعے نقل روکنے کا فیصلہ
چیئرمین بورڈ نے اس تاریخی فراڈ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 2 ہزار 539 طلبہ و طالبات کے میٹرک اور انٹر کے نتائج اور اسناد کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔
اس جعلسازی کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے اور بورڈ نے تمام متاثرہ طلبہ کو تیس دن کے اندر اصل اسناد کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ملوث افسران اور ایجنٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں کو ان اسناد کی بنیاد پر دیے گئے داخلے منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








