پیر، 30-مارچ،2026
پیر 1447/10/11هـ (30-03-2026م)

سندھ کے مشہور ترین ام رباب چانڈیو کیس کے تمام ملزمان عدم شواہد کی بنیاد پر بری

30 مارچ, 2026 13:51

دادو کی مقامی عدالت نے صوبے کے مشہور ترین ام رباب چانڈیو کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تمام نامزد ملزمان کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا ہے۔ یہ کیس سردار شاہی کے خلاف ایک طویل قانونی جنگ کی علامت بن چکا تھا۔

سندھ کے ضلع دادو کی فرسٹ ایڈیشنل سیشن کورٹ نے تہرے قتل کے سنگین مقدمے، جسے عوامی سطح پر ام رباب چانڈیو کیس کے نام سے جانا جاتا ہے، کا حتمی فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت کے جج حسن علی کلوڑ نے مقدمہ نمبر بیس سن دو ہزار اٹھارہ کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کی بنا پر ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کیا جا رہا ہے۔

اس کیس کی سماعت کے دوران ایک نامزد ملزم غلام قادر عرف قادو انتقال کر چکا تھا، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی جاری رہی۔

ام رباب چانڈیو، جن کے والد، دادا اور چچا اس واقعے میں جاں بحق ہوئے تھے، گزشتہ کئی برسوں سے اکیلے اس مقدمے کی پیروی کر رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ میں امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، واٹر اور ای مارکنگ کے ذریعے نقل روکنے کا فیصلہ

فیصلے کے موقع پر دادو میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ایس ایس پی دادو کیپٹن ریٹائرڈ صدام حسین خاصخیلی نے خود سیکیورٹی کی نگرانی کی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ام رباب چانڈیو نے فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سردار شاہی کی جیت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لیے میراعزم برقرار ہے۔ سرداروں کولائسنس مل گیا کہ وہ جب چاہیں جہاں چاہیں کسی کو قتل کردیں۔ کیس میں جو ملزمان 3 سال روپوش رہے ان کو بھی سزانہیں ملی۔ ہمارا کیس وڈیرا شاہی اور جاگیرداری نظام کے خلاف تھا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالتوں اور عدالت عظمیٰ سے رجوع کریں گی تاکہ انصاف کا حصول ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ میہڑ تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس میں قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل تھیں اور تین افراد کے قتل کا الزام عائد تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔