خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کی تباہی، 11 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور طوفان نے بڑی تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، بنوں، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور نوشہرہ سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں نے جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
صوبے بھر میں ہونے والے مختلف حادثات میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ سب سے افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد کے علاقے حاجیہ گلی میں پیش آیا، جہاں مکان کی چھت گرنے سے چار بچیوں سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوئے۔
اسی طرح کوہاٹ کے علاقے بلی ٹنگ میں چھت گرنے سے دس سالہ لائبہ اور بارہ سالہ عبد الکریم جاں بحق ہوئے، جبکہ ان کی والدہ اور ایک بچہ زخمی حالت میں اسپتال منتقل کئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ضم اضلاع کے فنڈز روکنے کیخلاف شدید احتجاج کا انتباہ
بنوں میں بھی بارشوں نے قہر ڈھایا، جہاں کوٹکہ غلام قادر میں برآمدہ گرنے سے دو بچے جاں بحق اور پینتیس افراد زخمی ہوئے، جبکہ دیگر مقامات پر چھتیں گرنے سے ایک خاتون اور دو بچے لقمہ اجل بن گئے۔
نوشہرہ اور لوئر دیر میں بھی مکانات کو نقصان پہنچا اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کوہاٹ میں طوفانی ہواؤں سے بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان حادثات میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








