ثالثی کیلئے متحرک ہیں، امریکہ اور ایران کا پاکستان پر اعتماد ہے، پاکستانی سفیر

امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا فعال کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں فریقین پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ایک امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو حل کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور طریقے سے متحرک ہے۔
سفیر کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ دونوں فریقین پاکستان کی دیانتداری اور امن پسندی پر بھروسہ کرتے ہیں، جو ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مشرقِ وسطیٰ کشیدگی : اسحاق ڈار کی مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں
رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن پر مبنی سفارتکاری کا علمبردار رہا ہے اور ہم خطے کے وسیع تر مفاد میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے اور ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے، جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
مزید برآں، انہوں نے افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر بارہا اس مسئلے کی نشاندہی کی ہے تاکہ سرحد پار سے ہونے والے حملوں کا تدارک کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











