جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، پاک فوج نے آٹھ خارجیوں کو جہنم واصل کردیا

02 اپریل, 2026 10:59

پاکستانی سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے آٹھ خارجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت بھانپتے ہوئے ایک مؤثر اور کامیاب کارروائی انجام دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز سرحد پار سے آنے والے خارجیوں کے گروہ کو سیکورٹی فورسز نے گھیرے میں لیا اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ان سے مقابلہ کیا۔

اس شدید جھڑپ کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو ان کی غیر ملکی، خصوصاً بھارتی سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کی نااہلی، نظامِ صحت تباہ، ادویات کی شدید قلت، طبی عملے کی تنخواہیں بند

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اس تازہ واقعے نے ایک بار پھر پاکستان کے اس دیرینہ اور بار بار دہرائے جانے والے مؤقف کی تصدیق کر دی ہے کہ افغان طالبان کی انتظامیہ اپنی سرحد کی مؤثر نگرانی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہے۔

پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین کسی بھی صورت میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، اور نہ ہی ان کے شہری پاکستان کے اندر تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث پائے جائیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم اور غیر متزلزل ہیں۔ علاقے میں کسی بھی ممکنہ مہم جوئی یا چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن اور سینیٹائزیشن کی کارروائی تاحال جاری ہے۔

وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی امداد یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ سرگرم عمل رہیں گے۔

پاکستانی افواج نے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والی کسی بھی غیر ملکی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔