بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام، پانچ شہری شہید، چار شدید زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ خودکش حملہ سیکیورٹی کے بہترین اقدامات کی بدولت ناکام بنا دیا گیا، تاہم دہشت گرد نے فرار کی راہ نہ پاکر سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پانچ شہری شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارجی عناصر نے تھانہ ڈومیل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی اور حفاظتی اقدامات کی وجہ سے حملہ آور تھانے کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہا۔
اپنی ناکامی کو دیکھتے ہوئے بزدل دہشت گرد نے تھانے کے باہر موجود سول آبادی میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس افسوسناک واقعے میں پانچ مقامی شہری شہید ہوگئے، جن میں تین خواتین اور ایک معصوم بچہ بھی شامل ہے، جبکہ چار افراد شدید زخمی ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کی تعیناتی کا اعلان
دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ عمارتوں کا ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور قومی عزم غیر متزلزل ہے۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا قلع قمع کیا جائے گا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خوارجی عناصر بنوں کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








