جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

سندھ حکومت کا موٹر سائیکل سواروں کیلئے پیٹرول پر براہ راست سبسڈی دینے کا اعلان

03 اپریل, 2026 15:34

وزیراعلیٰ سندھ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک بڑے مالیاتی ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج کے تحت موٹر سائیکل سواروں، کسانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے کو براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے قومی سلامتی کے حوالے سے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور موجودہ حالات میں جب خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، پاکستان جنگ کو ختم کروانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگیں جب بھی ختم ہوں مگر ان کے معاشی اثرات ہمارے خطے پر ضرور پڑتے ہیں اور پاکستان نے ان اثرات کو کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔

مراد علی شاہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں پوری قوم کو یکجا کیا ہے اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے موجودہ صورتحال پر مسلسل مشاورت کر رہے ہیں۔

ملکی معیشت اور پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومت کے متعدد اجلاس ہوئے ہیں اور گزشتہ روز وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں ملکی مفاد میں کئی اہم اور مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان اپنی ضرورت کا زیادہ تر ایندھن درآمد کرتا ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود حکومت نے تین ہفتوں تک عوام پر بوجھ نہیں ڈالا تھا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی عمومی سبسڈی کا فائدہ امیر اور غریب دونوں کو برابر پہنچ رہا تھا، جس پر عالمی مالیاتی فنڈ نے بھی اعتراض اٹھایا تھا کہ مراعات یافتہ طبقے کو سبسڈی کیوں دی جا رہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مؤقف بھی یہی تھا کہ سبسڈی صرف غریب طبقے تک محدود ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام میں جانے کے قابل نہیں رہے، پیٹرول مہنگا کرنے پر نبیل گبول کی تنقید

وزیراعلیٰ سندھ نے پیٹرولیم سبسڈی کے حوالے سے نئے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے ساتھ اجلاس میں چاروں صوبوں نے اپنی تجاویز دیں، جس کے بعد چار اہم نکات طے کئے گئے ہیں۔

ان میں سے دو حصوں پر صوبائی انتظامیہ عمل کرے گی، جبکہ ایک حصے کی رقم صوبے ادا کریں گے، مگر اس کا انتظام وفاق سنبھالے گا۔

انہوں نے سندھ کے عوام کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں رجسٹرڈ 66 لاکھ موٹر سائیکلوں کے مالکان کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے، جس پر رجسٹریشن کے بعد ہر موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ ایک سو روپے فی لیٹر کے حساب سے بیس لیٹر پیٹرول پر کل دو ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ یہ رقم براہ راست موٹر سائیکل مالکان کو فراہم کی جائے گی، جبکہ وہ پیٹرول پمپ سے مروجہ قیمت پر ہی ایندھن خریدیں گے۔

سندھ حکومت پندرہ سے بیس اپریل کے درمیان اس رقم کی ادائیگیوں کا آغاز کر دے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر فیس مکمل طور پر معاف کی جا رہی ہے اور مالکان کو پندرہ دن کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اپنے نام منتقل کروا لیں تاکہ وہ اس سبسڈی کے اہل ہو سکیں۔

زرعی شعبے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی وزیراعلیٰ نے بڑے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچیس ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو فی ایکڑ پندرہ سو روپے ادا کئے جائیں گے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کو ایک لاکھ روپے ماہانہ، دو ایکسل والے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے اور بڑے ٹرکوں کے مالکان کو 80 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی تاکہ مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی کے لیے کرایوں میں اضافہ نہ ہو اور کسانوں پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔