جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

ٹرمپ کے بیانات احمقانہ ہیں، دنیا کا نظام ایک پاگل شخص کے حوالے کر دیا گیا، حافظ نعیم

06 اپریل, 2026 14:59

امیر جماعت اسلامی نے کراچی میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کو بدترین دہشت گردی اور امریکی صدر کے بیانات کو احمقانہ قرار دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو عالمی امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس حملے کو چھ ہفتے گزرنے کے باوجود امریکی قیادت کی جانب سے احمقانہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا نظام ایک ایسے شخص کے حوالے کر دیا گیا ہے، جسے خود امریکی عوام پاگل قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ موجودہ عالمی صورتحال پر فی الفور نظرثانی کرے، کیونکہ ایران میں روزانہ کی بنیاد پر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس پر ایرانی عوام کی مزاحمت قابلِ ستائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ نے امریکی برتری کے خاتمے کا آغاز کردیا، عالمی نظام میں بڑی تبدیلی کے آثار

امیر جماعت اسلامی نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی صورتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 1968 کے بعد پہلی مرتبہ مسجد اقصیٰ مکمل بند ہے اور وہاں نماز پر پابندی عائد ہے، مگر افسوس کہ کوئی مسلم ریاست ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے پھانسیوں کے قانون کی منظوری اور امریکہ کی اس کے لیے حمایت کو بدترین دہشت گردی قرار دیا۔

ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ایما پر عوام پر بجلی اور ٹیکسز کا مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کر رہی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے اور بجلی کے ٹیرف سے اضافی ٹیکسز ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی بھرپور احتجاج کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔