جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی سخت، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری

09 اپریل, 2026 10:39

اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے پانچ اضلاع میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ اقدامات ایران اور امریکہ کے درمیان جاری امن مذاکرات کے تناظر میں عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں جیسے کہ سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول، شہزاد ٹاؤن، ہمک اور کراچی کمپنی کے اطراف سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی میں پیرودھائی، نور خان ایئربیس، حاجی کیمپ، ٹیکسلا، مری، جہلم، چکوال اور اٹک کے اہم علاقوں میں بھی مشترکہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور دیگر انٹیلیجنس اداروں نے مشترکہ فریم ورک کے تحت اہم ٹرانزٹ پوائنٹس، رہائشی علاقوں اور حساس مقامات پر نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ انٹیلیجنس بیسڈ اسکریننگ اور رہائشی کوائف کی تصدیق کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات مرحلہ وار جاری رہیں گے اور شہری تعاون انتہائی ضروری ہے۔

اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں بس اڈوں، مارکیٹس اور رہائشی علاقوں میں سرچ اور اسکریننگ کے ساتھ داخلی و خارجی پوائنٹس پر چیکنگ کا عمل سخت کیا گیا ہے۔ ترنول، شہزاد ٹاؤن اور ہمک کے علاقوں میں خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں اور رہائشی تفصیلات و نقل و حرکت کی نگرانی کر رہی ہیں۔ فیض آباد اور کراچی کمپنی کے اطراف ٹرانزٹ سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

راولپنڈی میں پیرودھائی، نور خان ایئربیس اور حاجی کیمپ کے گرد و نواح میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، حساس تنصیبات اور اہم مقامات کے اطراف مشترکہ موجودگی برقرار ہے۔ ٹیکسلا، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں مرحلہ وار کومبنگ آپریشنز جاری ہیں، جہاں پولیس، ایلیٹ، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کی مربوط کارروائیاں جاری ہیں۔

مقامی سطح پر بھی سرچ اور نگرانی کے اقدامات موثر انداز میں نافذ کیے جا رہے ہیں۔ سبزی منڈی، فیض آباد اور کراچی کمپنی کے اطراف بس اسٹینڈز اور قریبی علاقوں میں چیکنگ جاری ہے۔ ترنول اور شہزاد ٹاؤن میں گھر گھر تصدیق کی جا رہی ہے، جبکہ ہمک اور ملحقہ آبادیوں میں مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ نور خان ایئربیس اور اطراف میں حساس تنصیبات کے قریب سیکیورٹی الرٹ جاری ہے۔ ڈویژن بھر میں سرچ، اسکریننگ اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے ریاستی رٹ برقرار رکھی جا رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔