جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

میعاد ختم ہونے سے قبل شناختی کارڈ کی تجدید کرائیں، نادرا کی شہریوں کو ہدایت

10 اپریل, 2026 08:17

نادرا نے ملک بھر کے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے پہلے اس کی بروقت تجدید کروا لیں۔

 ادارے کے مطابق اگر شناختی کارڈ ایکسپائر ہو جائے تو کئی اہم سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔ ان میں بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر سرکاری خدمات شامل ہیں۔

نادرا ریکارڈ کے مطابق لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ شہریوں کو اس حوالے سے ایس ایم ایس کے ذریعے بھی یاد دہانی کروائی جاتی ہے، لیکن اس کے باوجود کئی افراد بروقت تجدید نہیں کروا رہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے پر ہر شہری کے لیے شناختی کارڈ بنوانا ضروری ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے قواعد کے مطابق موبائل سروس کے لیے فعال شناختی کارڈ لازمی ہے۔ اگر شناختی کارڈ ایکسپائر ہو جائے تو موبائل سم کسی بھی وقت بند کی جا سکتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 81 لاکھ سے زائد سمز ایسے شناختی کارڈز پر چل رہی ہیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کروائیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔ تاخیر کی صورت میں مستقبل میں جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے، اگرچہ فی الحال اس کا اطلاق نہیں کیا جا رہا۔

نادرا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ متوفی افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بلاک کی جا سکتی ہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ایسی سمز کو اپنے نام پر منتقل کروائیں۔

حکام کے مطابق جون کے بعد تاخیر سے تجدید کروانے پر اضافی فیس یا جرمانہ بھی لگ سکتا ہے۔ شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے نادرا سینٹرز کے علاوہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور ای سہولت مراکز بھی دستیاب ہیں، جہاں شہری آسانی سے اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔