ننکانہ صاحب میں بیساکھی کی تقریبات اختتام پذیر، سکھ یاتریوں کا وزیر اعظم کو نوبل انعام دینے کا مطالبہ

ننکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے اہم ترین تہوار بیساکھی کی تین روزہ تقریبات اپنے اختتام کو پہنچ گئیں، جہاں دنیا بھر سے آئے یاتریوں نے پاکستان کی میزبانی اور وزیر اعظم کی امن کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ننکانہ صاحب میں گرودوارہ جنم استھان پر بیساکھی میلے کی تین روزہ تقریبات کے آخری روز بھی عقیدت و احترام کا بے مثال منظر دیکھا گیا۔
بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے دن کا آغاز اپنی مذہبی رسم اکھنڈ پاٹھ سے کیا اور دنیا بھر میں امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
یہ تہوار سکھ تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ سولہ سو ننانوے میں گرو گوبند سنگھ جی نے خالصہ پنتھ کی بنیاد رکھی تھی، ساتھ ہی یہ پنجاب میں گندم کی کٹائی کا ثقافتی جشن بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت میں مظالم بند نہ ہوئے تو سکھ اپنی بقا کے لیے ہتھیار اٹھائیں گے، سکھ فار جسٹس
اس موقع پر بھارت سے آئی شرومنی اکالی دل کی رہنما منجیت کور سندھو نے حکومت پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات اور عزت و احترام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کو ان کی امن کوششوں پر نوبل امن انعام دیا جانا چاہیے۔
دیگر بھارتی یاتریوں کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خطرات کی وجہ سے وہ پریشان تھے، لیکن وزیر اعظم پاکستان اور عسکری قیادت کی دانشمندانہ پالیسی کی وجہ سے خطہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔
یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں انہیں جو پیار اور بھائی چارہ ملا ہے، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی اور یہاں کی میزبانی نے ان کے دل جیت لیے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








