امریکہ اور ایران کے درمیان معاملات طے، جلد اعلان ہوگا، پاکستان و دیگر ضامن ہوں گے، ذرائع کا دعویٰ

اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی مذاکرات کے حوالے سے انتہائی مثبت اور سنسنی خیز تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دہائیوں کی دشمنی کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان معاملات طے پا چکے ہیں اور پاکستان کی ثالثی نے دنیا کو ایک بڑی عالمی جنگ سے بچا لیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے پاک امریکہ اور ایران مذاکرات کے حوالے سے باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ میدانِ جنگ میں کئی دنوں بعد گولہ باری تھم چکی ہے اور مکمل امن کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔
گزشتہ 21 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بات چیت محض لڑائی روکنے پر نہیں بلکہ مستقبل کے حل پر مرکوز رہی، جسے ذرائع ایک بڑے راضی نامے سے تعبیر کر رہے ہیں۔
اس اجلاس کی سب سے اہم پیش رفت ایرانی پاسدارانِ انقلاب یعنی اسلامک ریولوشنری گارڈ کور کے اہم ممبران کی بعد میں شمولیت تھی، جس نے اس بات پر مہر ثبت کر دی کہ بات چیت انتہائی مثبت اور فیصلہ کن رہی ہے۔
چار دہائیوں کے بعد دونوں حریفوں کا آمنے سامنے بیٹھنا اور جنگ کے بجائے امن کے طریقہ کار پر بحث کرنا بذاتِ خود ایک عظیم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
مذاکرات کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اپنے ساتھ اپنے مرکزی بینک کے نمائندے بھی لایا تھا تاکہ دہائیوں سے عائد پابندیوں، منجمد اکاؤنٹس کی بحالی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے طریقہ کار پر ٹھوس بات چیت کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے باوجود پاکستان کا ثالثی چینل برقرار ہے، امریکی ماہرین
ان تمام پیچیدہ مالیاتی اور دفاعی معاملات پر طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے اور اب اس معاہدے کی ضمانت کے طور پر پاکستان، ترکی، چین اور مصر بھی بطور ضامن دستخط کریں گے۔
ضامنوں کی شمولیت اور اکاؤنٹس کی بحالی کے فارمولے پر اتفاق رائے اس بات کی علامت ہے کہ اب جنگ کا امکان ختم ہو چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی بہت بڑی سفارتی جیت ہے کہ اس نے دنیا کو ایک ایسی عالمی جنگ میں گھسیٹنے سے بچا لیا جس میں پوری انسانیت داؤ پر لگی ہوئی تھی۔
اسلام آباد کو اس وقت دنیا کے امن کے شہر کا اعزاز مل رہا ہے، جہاں عالمی طاقتوں اور پاسدارانِ انقلاب کے نمائندوں نے پرسکون ماحول میں بیٹھ کر اپنے اختلافات حل کیے۔
اگرچہ پاکستانی سیاست میں حکمران اپنی میٹنگز کے لیے لندن یا مری کا رخ کرتے ہیں، لیکن اللہ نے اس عظیم مقصد کے لیے اسلام آباد کو منتخب کیا۔
ذرائع پرامید ہیں کہ دوبارہ ہونے والی ملاقات میں اس تاریخی کامیابی کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، جس سے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں سکون کی لہر دوڑے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان نے اپنی ساکھ داؤ پر لگا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ امن کا سب سے بڑا داعی ہے اور ان مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں اب معاہدہ ہونا یقینی نظر آتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










