افغانستان سے نیٹ ورک چلانے والا خطرناک دہشت گرد کراچی سے گرفتار

کراچی میں سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں رینجرز سندھ اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک مشترکہ خفیہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج نامی گروہ سے تعلق رکھنے والے ایک خطرناک دہشت گرد نور عالم عرف وفادار کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے جدید اسلحہ، ایمونیشن اور تخریب کاری میں استعمال ہونے والا بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔ ملزم کی دہشت گردی کی تاریخ 2014 سے شروع ہوتی ہے، جب وہ مفتی نور ولی کے گروہ میں شامل ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں شدید گرمی اور حبس کا راج، درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان
دہشت گرد نور عالم جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں اور سڑک کنارے نصب بموں کے دھماکوں میں ملوث رہا ہے، جبکہ اس نے لیویز چیک پوسٹ مکین پر حملے کا بھی اعتراف کیا ہے، جس کے دوران چھ لیویز اہلکاروں کو اغواء کیا گیا تھا۔
ملزم طویل عرصے تک افغانستان فرار رہا، جہاں سے وہ پاکستان میں کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرتا رہا اور حال ہی میں وہ کراچی میں اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔
گرفتار دہشت گرد کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








