ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس کا انعقاد، عالمی ماہرین کی بڑی تعداد میں شرکت

امریکہ کی عالمی شہرت یافتہ ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے دانشوروں، سیاستدانوں اور فنکاروں نے شرکت کر کے پاکستان کے بدلتے ہوئے مثبت عالمی تشخص اور اقتصادی بحالی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
امریکہ کی ممتاز ہارورڈ یونیورسٹی میں ہونے والی پاکستان کانفرنس، عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور دلچسپی کی عکاس ثابت ہوئی۔
اس کانفرنس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سات سو سے زائد شرکاء اور پچاس مقررین نے شرکت کی، جبکہ مجموعی طور پر سترہ مختلف نشستوں میں پاکستان کے مستقبل، معیشت اور خارجہ پالیسی پر سیر حاصل بحث کی گئی۔
کانفرنس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، سابق مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف، سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر اور نامور صحافی عاصمہ شیرازی سمیت امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی شرکت کی۔
فن و ثقافت کے شعبے سے ماہرہ خان، شہباز تاثیر، حسن شہریار یاسین اور فیصل کپاڈیا جیسے نامور ستارے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
عالمی مندوبین، جن میں مائیکل کوگیل مین، امریکی سینیٹر کرس وین ہولن اور ہارورڈ کے نامور پروفیسرز شامل تھے، نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو متوازن اور آزاد قرار دیتے ہوئے خطے میں پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور ستائش کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، جن کا عالمی اعتراف ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سیکورٹی اداروں کی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تین ایجنٹ گرفتار
بحث کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کے جغرافیائی اور تزویراتی حالات ایک متحرک انتظامی ڈھانچے کا تقاضا کرتے ہیں۔
معاشی محاذ پر ماہرین نے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان کی معیشت اب بحران سے باہر نکل چکی ہے اور جاری اقتصادی اصلاحات نے اسے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے، باوجود اس کے کہ مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال نے عالمی سطح پر معاشی مشکلات پیدا کی ہیں۔
سماجی پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے واضح کیا کہ ریاستِ پاکستان میں مذہب یا فرقے کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں برتی جاتی۔
سندھ کی ہندو برادری کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا گیا جبکہ پاکستان میں موجود تاریخی اور خوبصورت چرچز کو ملک کے مذہبی ہم آہنگی کے ورثے کے طور پر پیش کیا گیا۔
کانفرنس میں ڈیجیٹل تبدیلی، تعلیم، صحت اور میڈیا کے کردار پر بھی تفصیلی مباحثے ہوئے، جہاں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا گیا اور ملک میں سول سوسائٹی کے بڑھتے ہوئے فعال کردار کو خوش آئند قرار دیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








