پیر، 13-اپریل،2026
پیر 1447/10/25هـ (13-04-2026م)

پاکستان میں سیکورٹی اداروں کی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تین ایجنٹ گرفتار

13 اپریل, 2026 11:55

سیکیورٹی اداروں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی کرنے والے تین مقامی کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کا تعلق نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے ہے۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ ادارے اندرونی و بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں اور حالیہ گرفتاری اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ انہیں مخصوص سوشل میڈیا ایپس پر خواتین اور خطیر رقم کا لالچ دے کر پھنسایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی جریدے کا پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا اعتراف، بھارتی پالیسی پر شدید تنقید

ملزمان کے مطابق وہ را سے منسلک خواتین کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے، جنہوں نے ہنی ٹریپ کے ذریعے ان سے حساس معلومات تک رسائی حاصل کی۔

ان کارروائیوں کے بدلے ملزمان کو رقوم کی ادائیگی ایزی پیسہ، بینک اکاؤنٹس اور کرپٹو والٹس کے ذریعے کی جاتی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔

ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں عدالت کی جانب سے سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

دفاعی ماہرین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کو رقم اور ہنی ٹریپ جیسی سرگرمیوں کے ذریعے استعمال کر رہا ہے۔

ماہرین نے یاد دلایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی بھارت کے حاضر سروس افسران کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی اور حساس تنصیبات تک رسائی کے ناقابلِ تردید شواہد منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔

ماہرین نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ان حربوں سے انتہائی محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک رابطے کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔