ہفتہ، 17-جنوری،2026
ہفتہ 1447/07/28هـ (17-01-2026م)

بھارت سے شکست کے بعد پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا؟ رضوان نے بتادیا

24 فروری, 2025 13:45

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے اعتراف کیا ہے کہ دبئی میں بھارت کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کے بعد ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی کی مہم مؤثر طریقے سے ختم ہوگئی ہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے قومی اسکواڈ میں صرف ایک اسپنر کو شامل کرنے پر ہونے والی تنقید کو مسترد کیا اور کہا کہ ہمارے چیئمپئنز ٹرافی کے ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے پاکستان کا 242 رنز کا ہدف 43ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

ٹاس جیت کر رضوان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان 49.4 اوورز میں 241 رنز پر ڈھیر ہوا، گرین شرٹس کو بابر اعظم کی شکل میں پہلا نقصان 41 رنز پر اٹھانا پڑا اور اس کے بعد امام الحق بھی کریس پر نہ ٹک سکے۔

یہ بھی پڑھیں: 

چیمپئنز ٹرافی؛ بھارت نے پاکستان کو اہم معرکے میں شکست سے دو چار کردیا

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اب بھی کوالیفائی کر سکتا ہے مگر کیسے؟

محمد رضوان 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، طیب طاہر 4 اور سلمان آغا 19 نے رنز بنائے۔

ان کے بعد آنے والے شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ خوشدل شاہ نے 38 اور حارث رؤف نے 8 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3 جبکہ ہاردک پانڈیا نے 2، ہرشت رانا، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کپتان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ قسمت کی بجائے کارکردگی پر انحصار کرتے ہیں اور پاکستان کی دیگر ٹیموں کو پیچھے چھوڑنے میں ناکامی نے ان کی ترقی کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی قسمت کا انحصار دوسری ٹیموں کے نتائج پر ہے اور سچ کہوں تو بطور کپتان مجھے ایسی چیزیں پسند نہیں۔

محمد رضوان نے بھارت کے ہاتھوں شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں تو بھی مجھے پرواہ نہیں،  نیوزی لینڈ اور بھارت نے ہمیں شکست دی جسے ہم تسلیم کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہم سے بہت اچھا کھیلا ہے۔

کپتان رضوان نے کہا کہ اگلے میچ میں ہم دیکھیں گے کہ بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کے ساتھ کیا کرتا ہے، نیوزی لینڈ بھارت کے ساتھ کیا کرتا ہے،  یہ ایک طویل سفر ہے، ہم اللہ پر امید اور یقین رکھتے ہیں، البتہ چیمپیئنز ٹرافی پر ہمارا انحصار اب دوسری ٹیموں پر آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مڈل آرڈر اچھا نہیں تھا، میٹنگ میں ہم نے بات چیت کی تھی کہ اس پچ پر 270-280 رنز کافی ہوں گے، اگر ہم نے 280 رنز بنائے ہوتے تو شاید نتائج مختلف ہوتے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔