راچن رویندرا نے ون ڈے کرکٹ میں بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

راچن رویندرا نے ون ڈے کرکٹ میں بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر راچن رویندرا نے ون ڈے کرکٹ میں بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے نوجوان بیٹسمین راچن رویندرا نے چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار سنچری اسکور کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں رویندرا نے 112 رنز کی زبردست اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ میچ راچن رویندرا کے کیریئر کا پہلا چیمپیئنز ٹرافی میچ تھا، اور انہوں نے اس موقع کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ وہ ون ڈے ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی دونوں ٹورنامنٹس میں اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
راچن رویندرا کو اصل میں پاکستان کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں کھیلنا تھا، لیکن وہ سہ ملکی سیریز میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ اس میچ میں حصہ نہیں لے سکے۔ تاہم، ڈیرل مچل کے بیمار ہونے کے بعد وہ ٹیم میں شامل ہوئے اور چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے اترے۔ انہوں نے موقع کو غنیمت جانتے ہوئے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو ان کی ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 19 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے اپنے ورلڈ کپ ڈیبیو پر سنچری بنائی ہے، جبکہ 15 کھلاڑیوں نے چیمپیئنز ٹرافی میں اپنے پہلے میچ میں سنچری کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ لیکن راچن رویندرا واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دونوں ٹورنامنٹس کے ڈیبیو میچز میں سنچری اسکور کر کے ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












