بھارتی کپتان روہت شرما نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

بھارتی کپتان روہت شرما نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
بھارتی کپتان روہت شرما نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ منگل کو دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کے دوران آسٹریلیا نے بھارت کو 265 رنز کا ہدف دیا، جسے روہت الیون نے 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ روہت شرما کی قیادت میں بھارت نے 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنلز کھیلے، لیکن دونوں میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر دوسری بار چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
اب روہت شرما کی کپتانی میں بھارت چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھی پہنچ گیا ہے۔ روہت شرما نے اپنی قیادت میں بھارت کو چاروں بڑے آئی سی سی ایونٹس (ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی 20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی) کے فائنلز میں پہنچا کر ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
روہت شرما کی کپتانی میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے مسلسل کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے نہ صرف فائنلز میں رسائی حاصل کی ہے، بلکہ ان کی حکمت عملی اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی نے بھارت کو عالمی کرکٹ میں ایک طاقتور نام بنا دیا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا روہت شرما بھارت کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ٹائٹل بھی دلوا پائیں گے؟ شائقین کرکٹ کی نظریں 9 مارچ کو کھیلے جانے والے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں بھارت ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کرے گا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












