چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو سفید کوٹ کیوں پہنائے جاتے ہیں؟ وجہ انتہائی دلچسپ

چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو سفید کوٹ کیوں پہنائے جاتے ہیں؟ وجہ انتہائی دلچسپ
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل جیتنے کے بعد اسکواڈ میں موجود تمام بھارتی کھلاڑیوں کو ونر میڈل دیے گئے اور ٹرافی تھامنے سے قبل ایک، ایک کھلاڑی کو خصوصی طور پر سفید رنگ کا کوٹ پہنایا گیا۔
اس خصوصی سفید کوٹ کی جیب پر چیمپئنز ٹرافی کا لوگو موجود تھا جبکہ اس کے بٹن گولڈن رنگ کے تھے۔
اب یہاں سوال یہ ہے کہ آخر چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو سفید کوٹ کیوں پہنائے جاتے ہیں؟
اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ آئی سی سی کے سب سے زیادہ اہمیت رکھنے والے ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی میں، ہر میچ کی اہمیت ہوتی ہے، جہاں ٹیمیں نہ صرف ٹرافی بلکہ اس قیمتی سفید کوٹ کے لیے بھی مقابلہ کرتی ہیں، جو برتری اور عزم کی علامت ہے۔
آئی سی سی کے مطابق سفید کوٹ ایک اعزازی بیج ہے جو چیمپئنز کی شان بڑھاتا ہے۔ سفید کوٹ پہننا اس سفر کی نمائندگی کرتا ہے جہاں کھلاڑی ٹرافی جیتنے کے لیے ہر چیز داؤ پر لگا دیتے ہیں۔
سفید کوٹ کی یہ روایت کب شروع ہوئی اور اب تک کون کون سی ٹیمیں اس اعزاز سے نوازی جا چکی ہیں؟
یہ خوبصورت روایت ٹورنامنٹ کے چھٹے ایڈیشن میں جنوبی افریقہ میں متعارف کرائی گئی، جس نے چیمپئنز ٹرافی کے فاتحین کو ایک نئے انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔
رکی پونٹنگ کی کپتانی میں آسٹریلیا وہ پہلی ٹیم بنی جس نے یہ اعزازی سفید کوٹ حاصل کیا۔ آسٹریلیا نے 2009 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ جیتا اور اس خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
2013 میں، بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انگلینڈ کو برمنگھم میں شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے سفید کوٹ پہننے کا موقع حاصل کیا، جو ان کی کامیابی کی ایک علامت بن گیا۔
2017 میں، پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں ایک یادگار فتح حاصل کی۔ اوول کے میدان میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے ٹورنامنٹ جیتا۔ کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی اور سفید کوٹ پہن کر اپنی شاندار کارکردگی کا جشن منایا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.