سرفراز انگریزی بولتے وقت کیوں گھبراتے ہیں؟ سابق کپتان نے بتایا

سرفراز انگریزی بولتے وقت کیوں گھبراتے ہیں؟ سابق کپتان نے بتایا
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انگریزی میں روانی سے گفتگو نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
معروف اداکارہ جویریہ سعود نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد سے لائیو شو کے دوران ان کی انگریزی بولنے کی صلاحیتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر لائیو کالر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
نجی ٹی وی چینل پر رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ایک کال کرنے والے نے سرفراز سے پوچھا کہ آپ انگریزی بولتے وقت گھبراتے کیوں دکھائی دیتے ہیں؟
سرفراز کے جواب دینے سے پہلے جویریہ نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں بھی انگریزی بولتے وقت گھبرا جاتی ہوں کیونکہ ہم پاکستانی ہیں اور ہماری قومی زبان اردو ہے۔
جوریہ سعود کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہمیں صحیح طریقے سے اردو بولنا سیکھنا چاہیے، ہم میں سے بہت سے لوگ ایسا نہیں کرتے اور انگریزی بولنا ایسی چیز نہیں جس پر فخر کیا جائے۔
اداکارہ نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ اپنی زبان کو ترجیح دیتے ہیں اور جب ان سے انگریزی میں بات کی جاتی ہے تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں۔
سرفراز نے اس کے بعد وضاحت کی کہ ہم باقاعدگی سے انگریزی بولنے کے عادی نہیں جس کی وجہ سے ہم گھبراتے ہیں، البتہ لائیو شو اتنا آسان نہیں جتنا لوگ سوچتے ہیں۔
اس دوران سابق کپتان نے 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میچ کو یاد کیا جب وہ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔
سرفراز احمد سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف فائنل میچ سری لنکا میں کھیلنے جا رہے تھے اور میں اس میچ کے حوالے سے تناؤ میں نہیں بلکہ ٹاس کے دوران کیا کہوں گا اس بارے میں الجھن میں تھا کیونکہ اسے براہ راست نشر کیا جا رہا تھا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.