منگل، 14-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

ایران نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلئے کوالیفائی کر لیا

26 مارچ, 2025 15:00

ایران نے ایشین کوالیفائرز کے گروپ اے میں ازبکستان کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کرکے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کچھ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی کوالیفکیشن سفارتی چیلنجز کا باعث بن سکتی ہے کیونکہ ٹورنامنٹ اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

جاپان کے بعد ایران ورلڈ کپ میں جگہ بنانے والا دوسرا ایشیائی ملک بن گیا ہے، عالمی ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ اس وقت مختلف براعظموں میں جاری ہیں۔

ایران کو کوالیفائی کرنے کے لیے ازبکستان کے خلاف صرف ایک ڈرا کی ضرورت تھی۔ میچ میں شدید لمحات دیکھنے کو ملے اور ازبکستان نے ابتدائی طور پر 82 ویں منٹ تک 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم 83 ویں منٹ میں مہدی تارمی کے فیصلہ کن گول نے اسکور برابر کرتے ہوئے ایران کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کروا دیا۔

ازبکستان نے خوجیمت ارکینوف کے گول کی مدد سے برتری حاصل کی۔ دوسرے ہاف میں مہدی تارمی نے ایران کے لیے برابری کا گول کیا لیکن اس کے ایک منٹ بعد ہی ابوسبیک فیض اللہوف نے ازبکستان کی برتری بحال کروائی۔

ایران کو ثابت قدمی کا نتیجہ اس وقت ملا جب 83 ویں منٹ میں تاریمی نے ایک بار پھر گول کرکے میچ کو 2-2 سے برابر کردیا اور ایک اہم پوائنٹ کے ساتھ ایران کی ورلڈ کپ میں جگہ یقینی بن گئی۔

یہ ایران کا مسلسل چوتھا فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ اور ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ساتواں حصہ ہے۔

ایشین کوالیفائرز کے تیسرے راؤنڈ میں 18 ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں خود بخود ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیں گی۔

اب تک جاپان اور نیوزی لینڈ بھی فیفا ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں جبکہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو پہلے ہی میزبانی ملنے کی بدولت کوالیفائی کر چکے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے زیادہ تر میچوں کی میزبانی امریکہ کر رہا ہے جس کی وجہ سے ایرانی شائقین اور کھلاڑیوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔