معروف بھارتی کرکٹر پر شادی کا جھانسہ دیکر خاتون سے زیادتی کا الزام

Famous Indian Cricketer Accused of Exploiting Woman Under Pretext of Marriage
معروف بھارتی کرکٹر یش دیال پر شادی کا جھانسہ دیکر خاتون سے زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی فاسٹ بولر یش دیال ایک سنگین تنازع کا شکار ہو گئے ہیں، جب ایک خاتون نے ان پر شادی کا جھانسہ دے کر ذہنی اور جسمانی طور پر حراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق غازی آباد سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون نے ریاستی وزیر اعلیٰ کے آن لائن پورٹل پر یش دیال کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے۔
خاتون نے اپنی شکایت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کا کرکٹر یش دیال کے ساتھ گزشتہ پانچ برسوں سے قریبی تعلق تھا، تاہم اس دوران کرکٹر نے اسے شادی کا وعدہ کرکے مسلسل جذباتی، ذہنی اور جسمانی استحصال کا نشانہ بنایا۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ یش دیال نے نہ صرف اسے دھوکا دیا بلکہ دیگر خواتین سے بھی اسی نوعیت کے تعلقات رکھے۔
درخواست گزار نے بتایا کہ اس نے 14 جون کو ویمن پولیس ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی تھی، مگر کارروائی تھانے کی سطح سے آگے نہ بڑھ سکی، جس کے بعد مجبوراً اسے وزیر اعلیٰ کے آن لائن پورٹل کا سہارا لینا پڑا۔ خاتون کے مطابق اس کے پاس یش دیال کے پیغامات، اسکرین شاٹس، ویڈیو کالز اور تصویروں سمیت دیگر شواہد موجود ہیں۔
اپنی درخواست میں متاثرہ خاتون نے یش دیال کے خلاف فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف اس کے لیے بلکہ اُن تمام خواتین کے لیے اہم ہے جو ایسے دھوکے باز رویے کا شکار بنتی ہیں۔
واضح رہے کہ یش دیال آئی پی ایل 2025 کی فاتح ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کا حصہ تھے اور انہوں نے رواں سیزن میں 15 میچز میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ڈومیسٹک سطح پر اترپردیش کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کرکٹر کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.