اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

لیجنڈز چیمپئن شپ میں میچ سے بھاگنے پر آفریدی کا بھارت کو کرارا جواب

21 جولائی, 2025 12:01

لیجنڈز چیمپئن شپ میں میچ سے بھاگنے پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا شدید ردعمل سامنے آگیا ہے۔

ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ اچانک منسوخ کر دیا گیا، جس پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے، کھیلوں کے ذریعے تعلقات بہتر کیے جا سکتے ہیں اور اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہتر کوئی چیز نہیں جو لوگوں کو قریب لاتی ہے۔

شاہد آفریدی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ برمنگھم صرف کھیلنے آئے تھے اور بھارت کے خلاف میچ سے قبل بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، لیکن اگر بھارت نے کھیلنے کا ارادہ نہیں کیا تھا تو منتظمین کو پہلے ہی آگاہ کر دینا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار تھی اور سب چاہتے تھے کہ میچ ہو، کھلاڑی آپس میں بیٹھیں، بات چیت کریں اور ماحول بہتر ہو۔

آفریدی نے کہا کہ جب تک بات چیت نہیں ہوگی، مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ مزید بگڑیں گے۔ ہر چیز میں سیاست لانے سے کوئی فائدہ نہیں، ہمیں بڑی سوچ اپنانا ہوگی، جو قوم آگے بڑھنا چاہتی ہے وہ چھوٹی باتوں پر نہیں الجھتی۔ کسی کو بھی اپنے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث نہیں بننا چاہیے، بھارتی ٹیم بھی کھیلنے آئی تھی، لیکن ایک شخص کی وجہ سے پوری ٹیم مایوس ہوئی، ایک آدھ انڈا خراب ہو تو اس کا اثر سب پر پڑتا ہے۔

شاہد آفریدی نے بھارت کو پیغام دیا کہ سب سے پہلے کھیل ہے، اسپورٹس سے بڑھ کر کچھ نہیں، اگر کسی کو مجھ سے مسئلہ تھا تو میں خود ہی اسٹیڈیم نہ آتا، مگر میچ منسوخ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹرز شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے شاہد آفریدی کی موجودگی میں میچ کھیلنے کی مخالفت کی تھی اور یہ مطالبہ کیا گیا کہ انہیں پلیئنگ الیون سے باہر رکھا جائے۔ بھارتی میڈیا میں بھی میچ کی مخالفت کی گئی جس کے بعد بڑھتے دباؤ کے باعث منتظمین نے میچ منسوخ کر دیا۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں پاکستان نے محمد حفیظ کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ باقی میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔