اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

عماد وسیم کے ساتھ تعلقات کی خبریں؛ نائلہ راجہ کا ردعمل سامنے آگیا

21 جولائی, 2025 14:36

پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کے ساتھ مبینہ افیئر کی افواہوں پر سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ نے بالاخر خاموشی توڑتے ہوئے ان قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

 گزشتہ روز سوشل میڈیا پر یہ افواہیں زور پکڑ گئیں کہ عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان اختلافات کی بنیادی وجہ عماد وسیم کا نائلہ راجہ کے ساتھ مبینہ تعلق ہے۔ ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں عماد وسیم کو لندن میں ایک خاتون کے ساتھ واک کرتے دیکھا گیا، جسے صارفین نے نائلہ راجہ قرار دیا اور اس کے بعد عماد وسیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کئی صارفین نے انہیں بےوفا اور حاملہ اہلیہ کے ساتھ بے وفائی کرنے والا قرار دیا۔

عماد وسیم کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان نہیں آیا، لیکن نائلہ راجہ نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی وضاحتی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ معاملہ حد سے زیادہ بڑھ گیا ہے اور انہیں اب بولنا ضروری محسوس ہوا ہے۔ نائلہ نے واضح کیا کہ جو ویڈیو اور اسٹوری گردش میں ہے، وہ انہوں نے خود انسٹاگرام پر شیئر کی تھی اور یہ کوئی خفیہ بات نہیں۔

 

 

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک معمولی سی انسٹاگرام اسٹوری کس طرح طلاق کا باعث بن سکتی ہے؟ نائلہ نے معاشرتی رویوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاشرہ عورت کی عزت کو ہمیشہ دوسروں کے تنقید کے لیے پیش کر دیتا ہے، جبکہ عورت کی اپنی عزت اور وقار کی بھی قدر ہونی چاہیے۔

نائلہ راجہ نے مزید کہا کہ وہ ایسے معاشرے میں رہتی ہیں جہاں لوگ بغیر سیاق و سباق کے دوسروں کی زندگیوں پر فیصلے سنا دیتے ہیں تاکہ خود کو اخلاقی برتر ثابت کر سکیں، اور یہی رویے غیرت کے نام پر تشدد اور قتل جیسے سنگین مسائل کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ویڈیو لندن میں ایک چشمے کی دکان کے باہر بنی، جسے ایک شخص نے محدود زاویے سے فلمایا اور دیگر موجود افراد کو نظر انداز کیا گیا۔

 

 

اپنے بیان میں نائلہ نے کہا کہ اگرچہ ایک عوامی شخصیت ہونے کے ناطے تنقید کو برداشت کرنے کو تیار ہیں، لیکن ان معاملات میں جن سے ان کا کوئی تعلق نہیں، انہیں گھسیٹنے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بھائی کو اشتعال انگیز پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں ان سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی بہن کو قابو میں رکھیں، جس پر نائلہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی خاتون ہیں جنہوں نے اپنی زندگی محنت، عزت اور خودداری کے ساتھ بنائی ہے اور کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گی۔

یہ معاملہ سوشل میڈیا پر صارفین کی خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اور نائلہ راجہ کی وضاحت کے بعد بھی بحث جاری ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔