اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

چین میں ورلڈ گیمز مقابلے کے دوران معروف ایتھلیٹ چل بسا

12 اگست, 2025 13:40

چین میں جاری ورلڈ گیمز کے دوران اٹلی کے ایتھلیٹ متیا دیبرٹولیس چل بسے۔  

چین میں جاری ورلڈ گیمز کے دوران ایک افسوسناک واقعے میں اٹلی کے ایتھلیٹ متیا دیبرٹولیس جان کی بازی ہار گئے۔ چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق ورلڈ گیمز کے منتظمین اور کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیم نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

انٹرنیشنل ورلڈ گیمز ایسوسی ایشن، مقامی آرگنائزنگ کمیٹی (LOC) اور انٹرنیشنل اورینٹیئرنگ فیڈریشن (IOF) نے ایک مشترکہ بیان میں اطالوی ایتھلیٹ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق متیا دیبرٹولیس 8 اگست بروز جمعہ، ورلڈ گیمز کے 12ویں ایڈیشن کے دوران منعقدہ مردوں کے مڈل ڈسٹنس اورینٹیئرنگ ایونٹ میں شرکت کر رہے تھے، جب وہ اچانک بے ہوش ہو گئے۔ موقع پر موجود طبی عملے نے فوری طبی امداد فراہم کی اور بعدازاں انہیں چین کے ایک اعلیٰ طبی ادارے میں انتہائی نگہداشت کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم وہ منگل کو دم توڑ گئے۔

منتظمین نے اپنے بیان میں کہا کہ دی ورلڈ گیمز فیملی، LOC اور IOF اس سانحے پر شدید رنجیدہ ہیں اور کھلاڑی کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پوری اورینٹیئرنگ کمیونٹی سے تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ اورینٹیئرنگ ایک جسمانی طور پر سخت اور تکنیکی کھیل ہے جس میں کھلاڑی نقشے اور قطب نما (کمپاس) کی مدد سے قدرتی یا شہری علاقوں میں اپنا راستہ تلاش کرتے ہیں۔ اس کھیل میں ذہنی اور جسمانی چستی کی یکساں ضرورت ہوتی ہے، جو اسے مزید مشکل بنا دیتی ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔