اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

آسٹریلیا کے سابق کپتان اور کوچ چل بسے

16 اگست, 2025 10:34

آسٹریلیا کے سابق کپتان اور کوچ بوب سمپسن کا انتقال ہو گیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، کوچ اور مایہ ناز آل راؤنڈر بوب سمپسن 89 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ بوب سمپسن نے 1957 میں بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا اور دو دہائیوں تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

 انہوں نے 62 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی جانب سے میدان میں اترتے ہوئے 10 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 4 ہزار 869 رنز اسکور کیے، جن میں ان کی شاندار 311 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔

بوب سمپسن صرف ایک بہترین بلے باز ہی نہیں بلکہ ایک کارآمد لیگ اسپنر بھی تھے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 71 وکٹیں حاصل کیں اور فیلڈنگ میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 110 کیچز پکڑے۔ انہوں نے 39 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی قیادت بھی کی۔

اپنے کھیل کے بعد بوب سمپسن نے کوچنگ کے شعبے میں بھی خدمات سرانجام دیں۔ وہ 1986 سے 1996 تک آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے اور اس عرصے میں آسٹریلوی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 کرکٹ آسٹریلیا نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوب سمپسن گزشتہ چار دہائیوں سے ملکی کرکٹ میں ایک بااثر اور قابلِ احترام شخصیت رہے ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔