اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

ویرات اور روہت نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کیوں لی؟ سابق بھارتی کرکٹر نے بھانڈا پھوڑ دیا

16 اگست, 2025 14:42

بھارتی کرکٹ کے دو بڑے نام، ویرات کوہلی اور روہت شرما نے مئی 2025 میں اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔

 ان کے اس غیر متوقع فیصلے کو اُس وقت آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گاوسکر ٹرافی میں ناقص کارکردگی سے جوڑا گیا، تاہم سابق بھارتی کرکٹر کرسن گھاوری نے اس معاملے پر نیا مؤقف پیش کر دیا ہے۔

کرسن گھاوری کا کہنا ہے کہ کوہلی اور روہت ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے خواہشمند تھے، لیکن بی سی سی آئی کی اندرونی سیاست اور سلیکشن کمیٹی کے رویے نے دونوں اسٹار کھلاڑیوں کو ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ویرات کوہلی مزید دو سال بھارت کے لیے با آسانی کھیل سکتے تھے، مگر حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ انہیں یہ فیصلہ لینا پڑا۔

گھاوری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی نے دونوں کھلاڑیوں کو شایانِ شان الوداعی میچ تک نہیں دیا، حالانکہ ایسے عظیم کھلاڑیوں کو بھرپور عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا جانا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق یہ سارا معاملہ سلیکشن کمیٹی اور بورڈ کی "چھوٹی موٹی سیاست” کا نتیجہ ہے، نہ کہ کھلاڑیوں کی اپنی خواہش۔

دوسری جانب کرکٹ حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما جلد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں، جس سے ان کا 2027 ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔

اعداد و شمار کے مطابق ویرات کوہلی نے 302 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 57.88 کی اوسط سے 14,181 رنز بنائے، جن میں 51 سنچریاں اور 74 نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کی بہترین اننگز 183 رنز رہی۔

روہت شرما نے 272 ون ڈے میچز میں 48.76 کی اوسط سے 11,168 رنز اسکور کیے، جن میں 32 سنچریاں اور 59 نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کی سب سے بڑی اننگز 264 رنز کی ناقابلِ یقین باری ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔