سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان؛ کوئی کھلاڑی اے کیٹیگری کا اہل نہ ہونے سے کیٹیگری ختم

Central Contract Announced: No Player Qualified for Category A, Category Discontinued
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025-26 کے لیے قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے۔
سینٹرل کانٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک مؤثر رہیں گے۔ اس بار 30 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیے گئے ہیں، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں تین کھلاڑی زیادہ ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 27 کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ تھے۔
پی سی بی کے مطابق اس بار 12 نئے کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، جن میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کو ان کی حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر تین کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر کیٹیگری میں 10،10 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔
دلچسپ طور پر اس مرتبہ اے کیٹیگری کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جو گزشتہ برس صرف دو کھلاڑیوں بابر اعظم اور محمد رضوان پر مشتمل تھی۔ اس سال کسی کھلاڑی کو اے کیٹیگری میں شامل نہیں کیا گیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کو اب بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
بی کیٹیگری میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ فخر زمان کی اس کیٹیگری میں واپسی ہوئی ہے جبکہ شان مسعود، جو گزشتہ سال بی کیٹیگری کا حصہ تھے، اس سال ڈی کیٹیگری میں چلے گئے ہیں۔ اسی طرح نسیم شاہ کو بی سے سی کیٹیگری میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی کیٹیگری میں اس بار عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز اور نعمان علی کو شامل کیا گیا ہے۔
ڈی کیٹیگری میں شان مسعود کے ساتھ حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد اور صوفیان مقیم شامل ہیں۔
اس سال 9 کھلاڑی اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، جب کہ 8 کھلاڑی سینٹرل کانٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں واضح کیا گیا ہے کہ کارکردگی، فٹنس اور قومی ٹیم کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.