اتوار، 12-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ؛ ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کا 18 ستمبر کو مقابلہ

11 ستمبر, 2025 17:00

اولمپک چیمپئن ارشد ندیم آئندہ ہفتے ٹوکیو میں ہونے والی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھارت کے نیرج چوپڑا کے مدمقابل ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں کھلاڑی اپنے ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ایک دوسرے کا سامنا کریں گے۔ارشد ندیم جولائی میں پنڈلی کی سرجری کے بعد دوبارہ میدان میں اتر رہے ہیں۔

انہوں نے گیمز میں 92اعشاریہ 97 میٹر کے شاندار تھرو کے ساتھ ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ 40 سال بعد پاکستان کو پہلا اولمپک طلائی تمغہ دلایا تھا۔

پیرس اولمپکس کے بعد سے اب تک ارشد ندیم نے صرف ایک بڑی ایونٹ میں حصہ لیا ہے، جہاں انہوں نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتی۔ اس مقابلے میں نیرج چوپڑا شریک نہیں تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کا آخری مقابلہ پیرس اولمپکس میں ہوا تھا۔

بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ٹوکیو اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد اپنے ملک میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ وہ کروڑوں کے اشتہاری معاہدے کر چکے ہیں ۔

نیرج چوپڑا نے 2023 میں بوداپسٹ میں عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا اور 2025 کے سیزن سے قبل عظیم چیک جیولن کوچ جان زیلزنی کے تربیتی گروپ میں شامل ہونے کے بعد مزید شاندار فارم میں آئے۔

انہوں نے رواں سال دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں پہلی بار 90 میٹر سے زائد پھینکا اور 90اعشاریہ 23 میٹر کے تھرو کے ساتھ تاریخ رقم کی، تاہم وہ جرمنی کے جولیان ویبر سے دوسرے نمبر پر رہے۔

گزشتہ ماہ زیورخ ڈائمنڈ لیگ میں بھی ویبر نے 91اعشاریہ 51 میٹر کے تھرو کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا جبکہ چوپڑا 85اعشاریہ 01 میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ٹوکیو میں ان دونوں کے ساتھ ساتھ دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز بھی شرکت کریں گے۔ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ہفتے کے روز شروع ہوگی جبکہ مردوں کے جیولن تھرو کا فائنل 18 ستمبر کو ہوگا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔