انگلینڈ نے جنوبی افریقی بولرز کو روند ڈالا، 304 رنز بنا کر نئی تاریخ رقم کردی

انگلینڈ نے جنوبی افریقی بولرز کو روند ڈالا، 304 رنز بنا کر نئی تاریخ رقم کردی
انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔
اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں میزبان ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے مہمان بولرز کو بے بس کردیا اور سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ نے تاریخ ساز اننگز کھیلتے ہوئے محض 39 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور لیام لیونگسٹون کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ 60 گیندوں پر 141 رنز بنا کر نمایاں بلےباز رہے۔ یاد رہے کہ لیونگسٹون نے 2021 میں پاکستان کے خلاف 42 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
کپتان جوس بٹلر نے بھی برق رفتاری دکھاتے ہوئے 30 گیندوں پر 83 رنز اسکور کیے اور سالٹ کے ساتھ 126 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیکب بیتھیل نے 24 جبکہ ہیری بروک نے 21 گیندوں پر 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز ایڈن مرکرم اور رائن رکلٹن نے جارحانہ آغاز ضرور کیا اور ابتدائی 22 گیندوں پر 50 رنز جوڑے، لیکن انگلش بولرز نے جلد ہی میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔
جوفرا آرچر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 25 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سیم کرن نے صرف 11 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نتیجتاً جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 158 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ نے یہ میچ 146 رنز سے جیت کر سیریز میں شاندار واپسی کی۔ فیصلہ کن میچ اتوار کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.