پاک بھارت ٹاکرے کے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کون ہیں؟ مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

پی سی بی کا آئی سی سی کو دوبارہ خط، پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ
ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے کیے گئے رویے نے سوشل میڈیا پر زبردست تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان آغا کو ہدایت کی کہ وہ بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو سے ہاتھ نہ ملائیں، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھا اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل کو ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
اینڈی پائی کرافٹ زمبابوے کے سابق کرکٹر ہیں جنہوں نے تین ٹیسٹ اور بیس ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کی۔ اپنے مختصر کیریئر کے دوران انہوں نے آسٹریلیا کی بی ٹیم کے خلاف سنچری بھی بنائی تھی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ زمبابوے کی انڈر-19 ٹیم کے کوچ اور سلیکٹر رہے اور مختصر عرصے کے لیے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی بنے، تاہم 2003 کے ورلڈ کپ کے دوران انتخابی تنازعات کے باعث استعفیٰ دے دیا۔ 2009 سے اب تک وہ 103 ٹیسٹ میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں، جو انہیں ٹیسٹ کرکٹ کے تجربہ کار ریفریوں میں شامل کرتا ہے۔
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلی خلاف ورزی کی اور اسپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کے اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس واقعے کے بعد اینڈی پائی کرافٹ کی شدید تنقید کی جا رہی ہے اور پی سی بی نے آئی سی سی پر دباؤ بڑھا دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری کارروائی کرے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.