حارث اور صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کے سامنے خود پر لگے الزامات کا دفاع کیسے کیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

How Did Haris and Sahibzada Farhan Defend Themselves Against ICC Charges? Details Revealed
حارث اور صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کے سامنے خود پر لگے الزامات کا دفاع کیسے کیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران مبینہ غیرمناسب جشن منانے پر قومی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان بھارت کی جانب سے عائد کردہ آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات کا جواب دینے کے لیے میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہوئے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان دونوں کھلاڑیوں کے خلاف شکایت درج کرائی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستانی کرکٹرز کا جشن اشتعال انگیز اور نامناسب تھا۔ صاحبزادہ فرحان نے بھارت کے خلاف نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد بلے کو گن کی شکل دے کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا، جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈری لائن کے قریب بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیتے ہوئے ہاتھ کے اشارے سے "طیارہ تباہ ہونے” کا تاثر دیا۔ یہ انداز بھارتی فینز اور بورڈ کو ناگوار گزرا، حالانکہ بھارت نے میچ جیتا تھا۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری کی سماعت کے دوران رچی رچرڈسن نے دونوں کھلاڑیوں سے مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات تحریری طور پر بھی پیش کیے گئے۔ حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے اپنے مؤقف میں تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے کسی عمل کا مقصد بھارت یا بھارتی کھلاڑیوں کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔
صاحبزادہ فرحان نے واضح کیا کہ ان کی جشن منانے کی طرز نہ تو سیاسی تھی اور نہ ہی کسی ملک یا قوم کو نشانہ بنانے کے لیے تھی، بلکہ یہ پشتون روایات کا ایک انداز ہے جو وہ برسوں سے اپناتے چلے آ رہے ہیں۔
دوسری جانب حارث رؤف سے چھ انگلیاں دکھانے کے اشارے کے حوالے سے پوچھا گیا، جس پر انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ الزامات کے حق میں کوئی ثبوت موجود نہیں اور ان کے اشارے کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے میچ ریفری سے براہ راست سوال کیا کہ "آپ لوگوں کے خیال میں اس اشارے کا مطلب کیا ہے؟”، جس پر ریفری کچھ دیر خاموش رہے۔ ریفری نے یہ کہا کہ شاید اشارہ کسی اور چیز کی طرف تھا، تو حارث رؤف نے برجستہ کہا کہ "آپ ہی بتائیں، میں کس چیز کی طرف اشارہ کر رہا تھا؟”
حارث رؤف کا مزید کہنا تھا کہ ان کے اشارے صرف اور صرف شائقین کے لیے تھے اور ان میں کسی ملک یا کھلاڑی کو نشانہ بنانے کا کوئی مقصد نہیں تھا۔
دوسری جانب پاکستان کی شکایت پر آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی سرزنش بھی کی ہے، جن پر ممکنہ طور پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ چند روز میں اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ متوقع ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.