چیئرمین پی سی بی کا 0-6 کا اشارہ کرنے پرحارث رؤف پرعائد جرمانہ خود ادا کریں گے

PCB chairman will pay fine imposed on Haris Rauf for making 0-6 gesture
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے فیصلہ کیا ہےکہ وہ ایشیا کپ 2025 میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران 0-6 کا اشارہ کرنے پر آئی سی سی کی جانب سے حارث رؤف پر عائد جرمانہ خود ادا کریں گے۔
خیال رہےکہ ایشیا کپ میں 21 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلےکو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنےکا اشارہ کیا تھا۔
ان کے علاوہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیتے ہوئے طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ اور فینز کو پاکستان سے میچ جیتنے کے باوجود حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کا انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے پاکستانی کرکٹرز کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی۔
بھارت کی جانب سے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات کا جواب دینےکے لیے قومی کرکٹر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری کے روبرو پیش ہوئے تھے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائدکیا جب کہ صاحبزادہ فرحان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور انہیں وارننگ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نےکہا ہےکہ حارث رؤف پر عائد جرمانےکی رقم وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
آئی سی سی نے 14 ستمبر کو ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے بعد پریزنٹیشن میں متنازع گفت گو پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو بھی قصور وار قرار دے کر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.