جو آنا چاہے آئے جو نہ آنا چاہے نہ آئے، کسی کی پروا نہیں، سلمان آغا کا ہینڈ شیک تنازع پر دوٹوک بیان

whoever-wants-to-come-comes-whoever-doesnt-want-to-come-doesnt-come-no-one-cares-salman-aghas-blunt-statement-on-the-handshake-controversy
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھرپور اور جارحانہ انداز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان جیت کے لیے میدان میں اترے گا اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے تیز و تند سوالات پر بھی کپتان پر اعتماد نظر آئے اور ہر گیند کو چوکے چھکے میں تبدیل کیا۔
ہینڈ شیک تنازع پر سلمان علی آغا نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ پاکستان اور بھارت میں حالات پہلے بھی خراب رہے مگر ہاتھ نہ ملانے کی روایت کبھی نہیں رہی، یہ کرکٹ کے لیے اچھا نہیں، میرے والد کرکٹ کے بڑے دلدادہ ہیں، انھوں نے بھی کبھی یہ نہیں کہا کہ ہاتھ نہ ملانا، ہمیشہ ہینڈ شیک ہوتا رہا ہے۔
ایشیا کپ ٹرافی کے فوٹو شوٹ پر کپتان کا جاندار جواب تھاکہ ہم کھیل کے اصولوں کے مطابق تیار ہیں جو آنا چاہے آئے، جو نہ آنا چاہے نہ آئے، ہمیں کسی کی پروا نہیں۔
اپنی کارکردگی پر تنقید کا اعتراف کرتے ہوئے سلمان نے کہاکہ ہاں، میری پرفارمنس ابھی اس معیار کی نہیں جیسی کپتان کی ہونی چاہیے، اسٹرائیک ریٹ بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے لیکن میرا اور ٹیم کا فوکس صرف اور صرف ایشیا کپ جیتنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے شور پر کپتان نے سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہاکہ مجھے بھارتی میڈیا کے تبصروں سے کوئی سروکار نہیں، دباؤ دونوں ٹیموں پر ہے لیکن ہم جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے صائم ایوب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ "صائم ایوب اگلے دس سال پاکستان کا ٹاپ پرفارمر ہوگا، بیٹنگ میں فی الحال کارکردگی نہیں آرہی مگر بولنگ اور فیلڈنگ میں وہ شاندار کردار ادا کر رہا ہے اور بیٹنگ میں بھی وہ جلد چمکے گا”۔
کپتان نے جذباتی انداز میں کہا: "اگر کرکٹر میدان میں جذبات کا مظاہرہ نہیں کرے گا تو کہاں کرے گا؟ میدان سے باہر جو کچھ ہورہا ہے ہمیں اس سے کوئی مطلب نہیں۔ ہمارا مقصد صرف بہترین کرکٹ کھیل کر ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کرنا ہے”۔
ایشیا کپ فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا کل دبئی میں ہوگا، 41 سال میں پہلی بار ایشیا کپ فائنل میں روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے، میچ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ٹیم آج پریکٹس سیشن کرے گی۔ ذرائع کے مطابق فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا آج ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ نہیں ہوگا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.