پاکستان کا ای گیمنگ اسٹار ارسلان ایش ایک بار پھر دنیا کے سرفہرست گیمرز میں شامل

پاکستان کا ای گیمنگ اسٹار ارسلان ایش ایک بار پھر دنیا کے سرفہرست گیمرز میں شامل
پیرس: پاکستان کے معروف ای-گیمر ارسلان ایش نے ایک بار پھر دنیا بھر کے حریفوں کو شکست دے کر ٹیکن 8 کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ایوو فرانس 2025 کا عالمی ایونٹ پیرس میں منعقد ہوا، جس میں دنیا کے صفِ اول کے ٹیکن کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ارسلان ایش نے اپنے منفرد پُرسکون انداز، بھرپور توجہ اور شاندار حکمتِ عملی کے ساتھ ایک کے بعد ایک مخالف کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
گرینڈ فائنل میں انہوں نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو واضح برتری سے مات دی اور ایک بار پھر دنیا کو یہ باور کرادیا کہ ٹیکن کے میدان میں پاکستان کا دبَدبہ قائم ہے۔
یہ فتح ارسلان ایش کے شاندار کیریئر کا ایک اور یادگار سنگ میل ثابت ہوئی۔ وہ اس سے قبل ایوو جاپان 2019، 2023، ایوو امریکہ 2019، 2023 اور 2024 کے علاوہ ٹیکن ورلڈ ٹور 2023 بھی جیت چکے ہیں۔
ایوو فرانس 2025 جیتنے کے بعد ان کے ٹائٹلز کی مجموعی تعداد سات ہوچکی ہے، جس سے وہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ ایوو ٹائٹل جیتنے والے چند گیمرز میں شامل ہوگئے ہیں۔
جیت کے بعد ارسلان ایش نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کامیابی کو پاکستان کے نام کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ "یہ ٹرافی میں نے اٹھائی ہے، مگر یہ جیت اُن سب کی ہے جنہوں نے مجھ پر یقین رکھا۔”
ارسلان نے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ہر بار فخر محسوس کرتے ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.