منگل، 21-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/29هـ (21-10-2025م)

محمد رضوان کی فلسطین حمایت نے انہیں کپتانی سے محروم کر دیا؟ راشد لطیف کا بڑا دعویٰ

21 اکتوبر, 2025 13:31

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے بڑا انکشاف کیا ہے کہ محمد رضوان کو مبینہ طور پر فلسطینی عوام کی حمایت کرنے کے باعث کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

راشد لطیف کے مطابق پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اس فیصلے کے مرکزی کردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضوان نے فلسطین کے لیے کھل کر اظہارِ یکجہتی کیا تھا، جس کے بعد ان پر دباؤ بڑھا اور بالآخر انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ اس سے قبل رضوان مختصر مدت کے لیے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، تاہم اب ان سے یہ ذمہ داری واپس لے لی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں راشد لطیف نے کہا: "کیا صرف اس لیے کپتانی چھینی گئی کہ اُس نے فلسطین کا جھنڈا اٹھایا؟ اب تو لگتا ہے کہ ایک غیر مسلم کپتان لانے کی تیاری ہو رہی ہے ایک مسلم ملک میں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ مائیک ہیسن ٹیم کے مذہبی ماحول اور روایات سے خوش نہیں تھے، جو محمد رضوان کے دور میں نمایاں ہوئیں۔ ان کے مطابق، یہ فیصلہ صرف پانچ یا چھ افراد کے مشورے سے کیا گیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ محمد رضوان نے پی ایس ایل کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ ہر چھکے اور ہر وکٹ پر فلسطینی امداد کے لیے ایک لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔ اسی طرح ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کے خلاف جیت کو بھی انہوں نے فلسطین کے نام کیا تھا۔

تاہم، پی سی بی نے تاحال رضوان کو ہٹانے کی باضابطہ وجہ ظاہر نہیں کی۔ بورڈ کے مطابق، یہ فیصلہ انتخابی کمیٹی اور مائیک ہیسن کی میٹنگ کے بعد کیا گیا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔