جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

گزشتہ دو سال کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دوں گا: بابر اعظم

15 نومبر, 2025 08:30

قومی کرکٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دوں گا۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ مشکل دور ضرور آیا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی فٹنس، بیٹنگ اور فیلڈنگ پر اضافی محنت جاری رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں خود پر یقین رکھنا پڑتا ہے، میں نے یہی کیا۔

بابراعظم نے گزشتہ دو برس کے دوران کارکردگی سے متعلق ہونے والی تنقید کا مؤدبانہ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بحث یا ردعمل کا حصہ بننے کے بجائے اپنی توجہ صرف کرکٹ اور گراؤنڈ میں بہترین کھیل پیش کرنے پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برے وقت میں سپورٹرز نے بھرپور حوصلہ دیا، جس کی وجہ سے اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ دوسرے ون ڈے میں ان کا ہدف واضح تھا اور اسی کے مطابق بیٹنگ کی جس کا نتیجہ سنچری کی صورت میں ملا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کی۔

اسی مقابلے میں بابر اعظم نے کیرئیر کی 20 ویں ون ڈے سنچری اسکور کرکے سعید انور کے قومی ریکارڈ کی برابری بھی کرلی۔

سعید انور نے یہ سنگ میل 244 اننگز میں عبور کیا تھا، جبکہ بابر اعظم نے صرف 136 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر تیزی سے 20 سنچریاں مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے بیٹر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

بابر اعظم کی فارم میں واپسی کو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔