بدھ، 17-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/26هـ (17-12-2025م)

پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ کا ایک اور تاریخی کارنامہ، جنوبی قطب تک کامیاب سفر

17 دسمبر, 2025 09:55

پاکستان کی نامور خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے عالمی مہم جوئی کی دنیا میں ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ انہوں نے ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے جنوبی قطب تک کامیاب سفر کر لیا ہے۔

گلگت سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ یونین گلیشیئر سے اسکیئنگ کے ذریعے جنوبی قطب پہنچی ہیں۔ یہ سفر نہایت مشکل اور سخت موسمی حالات میں مکمل کیا گیا، جسے ماہرین کوہ پیمائی ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہیں۔

اس حوالے سے ثمینہ بیگ کے بھائی اور معروف کوہ پیما مرزا علی نے بتایا کہ ثمینہ نے اپنے سفر کے لیے اسکیئنگ کا راستہ منتخب کیا، جو جسمانی اور ذہنی طور پر انتہائی آزمائش کا مرحلہ تھا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی ثمینہ بیگ کی محنت، حوصلے اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔

مرزا علی نے مزید بتایا کہ جنوبی قطب پہنچنے پر ثمینہ بیگ نے پاکستان کا قومی پرچم اور اپنی کمیونٹی کا جھنڈا لہرایا، جس پر وہاں موجود ٹیم نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

ثمینہ بیگ کا ہدف ایکسپلورر گرینڈ سلیم کو مکمل کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے اب انہیں صرف شمالی قطب تک پہنچنا باقی ہے۔ ایکسپلورر گرینڈ سلیم کی تکمیل کے لیے دنیا کے سات براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کے ساتھ ساتھ جنوبی اور شمالی قطب تک پہنچنا ضروری ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ثمینہ بیگ اس سے قبل سات براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کر کے سیون سمٹس مکمل کر چکی ہیں۔ ان کی تازہ کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے حوصلہ اور تحریک کا باعث بن رہی ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔