ہفتہ، 17-جنوری،2026
ہفتہ 1447/07/28هـ (17-01-2026م)

شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ کر اسلام آباد منتقل ہونے کی وجہ بتادی

17 جنوری, 2026 13:48

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ کر مستقل طور پر اسلام آباد میں رہائش اختیار کرلی ہے۔

اسلام آباد میں اپنی نئی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا کہ چند ذاتی وجوہات کی بنا پر انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔ وہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے سب سے ضروری چیز تسلسل ہے، چاہے وہ پالیسیوں میں ہو یا نظامِ حکومت میں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کرکٹ نے انہیں عالمی سطح پر پہچان، عزت اور مقام دیا، اور اب وہ چاہتے ہیں کہ کسی نہ کسی شکل میں ملک اور قومی کرکٹ کے لیے خدمات انجام دے سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ فی الوقت سیاست میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق حکومت کو اپنی آئینی پانچ سالہ مدت مکمل کرنی چاہیے، جبکہ چیف جسٹس، آرمی چیف اور دیگر اہم آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کو بھی اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

سابق کپتان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں اہم سرکاری عہدوں کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے ہمیشہ ایسی ذمہ داریوں سے دور رہنے کو ترجیح دی کیونکہ علامتی یا رسمی عہدے ان کے لیے کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل کا تسلسل، پالیسیوں کا استحکام اور ریاستی اداروں میں آئینی مدت کی تکمیل ہی کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد بنتی ہے۔ جب ادارے مضبوط ہوں گے تو ترقی کے فوائد براہِ راست عام شہری تک پہنچیں گے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔