وہ غلطیاں جو واٹس ایپ ہیک کرواتی ہیں! پرائیویسی بچانے کے چند اہم اقدامات

Mistakes that get WhatsApp hacked! Some important steps to protect privacy
موجودہ دور میں واٹس ایپ میسجنگ سروس ہر ایک کے لیے ضروری بن چکی ہے کروڑوں افراد کی معلومات کی حامل اس ایپ کو ہیکنگ جیسے مسائل بھی درپیش ہیں۔
واٹس ایپ اب لوگوں کے لیے پریشانی کا سبب بن رہی ہے، حالیہ مہینوں میں پاکستان میں واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا۔
ایف آئی اے کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، یکم جولائی 2024 سے اب تک ہیکنگ سے متعلق 1,426 سے زائد شکایات درج ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 549 اکاؤنٹس کو کامیابی سے بحال کر لیا گیا جب کہ باقی کیسز پر تفتیش جاری ہے۔
اس تشویشناک صورتحال نے عام صارفین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ ان کی ذاتی معلومات، تصاویر اور رابطے محفوظ نہیں رہے۔ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے اس دور میں جب روزمرہ زندگی کا انحصار ڈیجیٹل ذرائع پر بڑھتا جا رہا ہے۔
ضروری ہے کہ ہر فرد اپنی آن لائن موجودگی کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات کرے، خاص طور پر واٹس ایپ جیسے مقبول پلیٹ فارم پر۔
دوہری تصدیق
واٹس ایپ ہیکنگ سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم قدم دوہری تصدیق کا استعمال ہے، جسے عام طور پر "ٹو اسٹیپ ویری فیکیشن” کہا جاتا ہے۔ یہ سہولت واٹس ایپ میں صارف کو ایک اضافی سیکیورٹی کوڈ سیٹ کرنے کی اجازت دیتی ہے جو کسی بھی نئے ڈیوائس پر اکاؤنٹ سیٹ اپ کرنے سے پہلے درکار ہوتا ہے۔ اگر کوئی ہیکر آپ کا نمبر حاصل بھی کر لے، تب بھی وہ آپ کا اکاؤنٹ فعال نہیں کر سکے گا۔
پرائیویسی سیٹنگز کا محتاط استعمال
واٹس ایپ پر اپنی معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے پرائیویسی سیٹنگز کا درست استعمال نہایت اہم ہے۔ اکثر لوگ لاپرواہی سے اپنی پروفائل تصویر، لاسٹ سین اور اسٹیٹس کو سب کے لیے کھلا چھوڑ دیتے ہیں، جس سے وہ ہیکرز کے لیے آسان ہدف بن جاتے ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ صرف اپنے محفوظ رابطوں کو اپنی معلومات تک رسائی کی اجازت دیں۔ اس طرح غیر متعلقہ یا مشکوک افراد کو آپ کی ذاتی معلومات تک پہنچنے سے روکا جاسکتا ہے، جو عموماً ہیکنگ کے لیے پہلا قدم ہوتا ہے۔
ایپلیکیشن ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں
اکثر صارفین اپنے فون کی ایپلیکیشنز کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہیں کرتے، حالانکہ واٹس ایپ کی ہر نئی اپ ڈیٹ میں نہ صرف نئی خصوصیات بلکہ سیکیورٹی بگز کے حل بھی شامل ہوتے ہیں۔ ایک پرانی ورژن والی ایپ ہیکرز کے لیے آسان ہدف بن سکتی ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ واٹس ایپ کو وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کیا جائے۔ اپنے موبائل کے ایپ اسٹور میں جا کر واٹس ایپ کو سرچ کریں، اور اگر کوئی نیا ورژن دستیاب ہو تو اسے فوراً انسٹال کریں تاکہ آپ محفوظ رہ سکیں۔
مشکوک پیغامات سے ہوشیار رہیں
اکثر ہیکرز جعلی پیغامات یا لنکس کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دیتے ہیں۔ یہ پیغامات بظاہر کسی بینک، کمپنی یا جاننے والے کی جانب سے آ سکتے ہیں اور صارف کو تصدیقی کوڈ یا ذاتی معلومات فراہم کرنے پر اکساتے ہیں۔ ایسے کسی بھی پیغام پر کلک کرنا یا معلومات فراہم کرنا سخت خطرناک ہو سکتا ہے۔ ہمیشہ تصدیق کریں کہ پیغام واقعی کسی معتبر ذریعہ سے آیا ہے، اور کسی بھی حالت میں اپنے واٹس ایپ کوڈ کو کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
ویب واٹس ایپ سے لاگ آؤٹ کرنا نہ بھولیں
واٹس ایپ ویب ایک کارآمد سہولت ہے، مگر یہ آپ کی حفاظت کے لئے خطرہ بھی بن سکتی ہے. جب بھی آپ ویب واٹس ایپ استعمال کریں، ہمیشہ سیشن ختم ہونے پر لاگ آؤٹ کرنا یاد رکھیں۔ اس کے علاوہ وقتاً فوقتاً "لنکڈ ڈیوائسز” کے سیکشن میں جا کر چیک کریں کہ آپ کا اکاؤنٹ کسی اجنبی ڈیوائس سے تو منسلک نہیں ہے۔ اگر کسی ناواقف ڈیوائس کا اندراج ہو تو فوراً اسے ہٹا دیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












