بنگلہ دیش میں اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کا آغاز کردیا گیا، ماہانہ فیس کتنی ہے؟

Starlink Internet Service Launched in Bangladesh – What Is the Monthly Fee?
بنگلہ دیش میں اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ڈھاکہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس "اسٹار لنک” نے بنگلہ دیش میں باضابطہ طور پر اپنے آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے تحت اب بنگلہ دیش کے دور دراز، پہاڑی اور دیہی علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہوگی، جہاں روایتی براڈ بینڈ یا موبائل نیٹ ورک اکثر ناقابل اعتماد یا سرے سے موجود ہی نہیں ہوتے۔ اس اہم پیش رفت کا اعلان بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے اپنے فیس بک پیج پر کیا۔
اسٹار لنک کی اس لانچ کے بعد بنگلہ دیش خطے میں بھوٹان کے بعد دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں یہ سروس دستیاب ہے، جبکہ بھارت اور پاکستان تاحال اس کے باضابطہ آغاز کے منتظر ہیں۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق بھارت میں کمپنی کو حکومتی منظوری تو مل چکی ہے تاہم سروس کا آغاز ابھی باقی ہے۔ پاکستان میں اسٹار لنک کو عارضی لائسنس ملا ہے، مگر تکنیکی و دستاویزی پیچیدگیوں کے باعث آپریشن شروع نہیں ہو سکا۔
اسٹار لنک زمین پر موجود انفراسٹرکچر کے بجائے زمین کے نچلے مدار میں گردش کرنے والے سیٹلائٹس کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ قدرتی آفات سے متاثرہ یا ناقابل رسائی علاقوں میں بھی صارفین بغیر کسی رکاوٹ کے ویڈیو کالز، آن لائن گیمنگ، اسٹریمنگ سروسز اور ریموٹ ورک جیسی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش میں سٹار لنک کی سروس ماہانہ تقریباً 4200 ٹکا میں دستیاب ہوگی، جو کہ تقریباً 35 امریکی ڈالر یا پاکستانی 9800 روپے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ، صارفین کو ایک بار کے لیے 47 ہزار ٹکا (تقریباً ایک لاکھ 9 ہزار پاکستانی روپے) کا سازوسامان خریدنا ہوگا، جس میں سٹار لنک ڈِش اور روٹر شامل ہیں۔ یہ دونوں آلات سیٹلائٹ سگنلز وصول کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ قیمتیں صرف عام صارفین کے لیے ہیں یا تجارتی اداروں پر بھی یہی نرخ لاگو ہوں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک عام بنگلہ دیشی شہری کے لیے یہ نرخ خاصے بلند تصور کیے جا سکتے ہیں، تاہم انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کا شکار علاقوں کے لیے یہ ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتی ہے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











