جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

20 سال میں انسانوں کے لیے پیسے غیر ضروری ہوں گے، ایلون مسک کی پیشگوئی

22 نومبر, 2025 08:56

ریاض: ٹیکنالوجی کی دنیا کے صفِ اوّل کے نام اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ آنے والے بیس برسوں میں دنیا ایسی تبدیلیوں سے گزرے گی جن کے بعد کرنسی، روزگار اور اجرت جیسے روایتی تصورات غیر اہم ہوجائیں گے۔

سعودی سرمایہ کاری فورم کے ایک خصوصی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ انسان نما روبوٹس اور جدید مصنوعی ذہانت ایسی سطح پر پہنچ جائیں گے جہاں وہ تقریباً ہر شعبے کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

اس سیشن میں این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ اور سعودی وزیرِ مواصلات و آئی ٹی انجینئر عبداللہ السواحہ بھی شریک تھے۔

ایلون مسک کے مطابق اگلی دہائیوں میں تیار ہونے والے روبوٹس کو تاریخ کی ’’سب سے بڑی ایجاد‘‘ قرار دیا جا سکتا ہے، کیونکہ یہ غیر معمولی مہارتوں سے آراستہ ہوں گے اور صنعتوں سے لے کر خدمات تک تقریباً ہر شعبے میں انقلاب لے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب روبوٹس بڑے پیمانے پر پیداواری اور سروسز کے کام سنبھال لیں گے تو عالمی معیشت کا ڈھانچہ یکسر بدل جائے گا، پیداوار کئی گنا بڑھ جائے گی، اخراجات کم ہوں گے اور غربت میں نمایاں کمی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 سے 20 سال کے اندر انسانوں کے لیے کام کرنا مجبوری نہیں رہے گا، بلکہ یہ محض ایک انتخاب ہوگا—بالکل ویسے جیسے کوئی انسان ورزش یا کوئی شوق پورا کرتا ہے۔

ان کے مطابق اس نئی دنیا میں آمدنی اور مالی رکاوٹوں کا بوجھ کم ہو جائے گا، کیونکہ ذہین روبوٹس ایسے کام زیادہ رفتار اور کم لاگت میں سرانجام دیں گے جن کے لیے آج انسان تھکا دینے والی محنت کرتے ہیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔