جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

اب ہر شخص آئی فون لے سکے گا؛ مگر کیسے؟ ایپل کا بڑا فیصلہ

24 نومبر, 2025 11:36

ایپل نے 2025 کی پراڈکٹ سیریز مکمل کرنے کے بعد اب 2026 کے آغاز میں کم قیمت ڈیوائسز پیش کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

 نئی رپورٹس کے مطابق کمپنی اگلے سال بجٹ آئی فون، آئی پیڈ اور میک ماڈلز متعارف کروانے کا پلان بنا رہی ہے، جن کا مقصد زیادہ صارفین تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل پہلی سہ ماہی کے وسط میں آئی فون 17e لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ فون ڈیزائن کے لحاظ سے موجودہ ماڈل جیسا ہوگا، مگر اس کی اندرونی خصوصیات کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس میں اے 19 چپ، 8 جی بی ریم اور نیا 18 میگا پکسل فرنٹ کیمرا شامل کیا جائے گا۔

 مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہی رہے گا، جبکہ نوچ ڈیزائن بھی برقرار رکھا جائے گا۔ البتہ ایپل نئے C1X موڈیم کی بجائے پچھلی جنریشن کا C1 موڈیم استعمال کرے گا تاکہ قیمت کم رکھی جا سکے۔

کمپنی کم قیمت آئی پیڈ پر بھی کام کر رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بیس ماڈل آئی پیڈ میں اے 18 چپ اور 8 جی بی ریم دی جائے گی، جو اسے ایپل انٹیلیجنس سپورٹ کرنے والا سستا ترین آئی پیڈ بنا دے گی۔ نئے بجٹ میک بک کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اس میں آئی فون کلاس پروسیسر شامل ہو سکتا ہے، مگر دیگر فیچرز ابھی واضح نہیں ہیں۔

رپورٹس یہ بھی بتاتی ہیں کہ ایپل آنے والے مہینوں میں آئی فون ایئر 2، آئی فون 18 اور آئی فون 18e بھی پیش کرے گا۔ ان ماڈلز میں نیا C2 موڈیم شامل ہوگا جس سے بہتر 5G کارکردگی ملے گی۔ اس کے علاوہ آئی فون 18 پرو ماڈلز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا سائز مزید چھوٹا کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی کافی عرصے سے خبروں میں ہے۔

 اطلاعات کے مطابق یہ فون فیس آئی ڈی کے بجائے ٹچ آئی ڈی کے ساتھ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ کمپنی اس ماڈل کو ایک نئی کیٹیگری کے طور پر متعارف کروانا چاہتی ہے تاکہ فولڈ ایبل مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکے۔

ایپل کے ان نئے بجٹ ماڈلز سے توقع ہے کہ کمپنی اپنی سیلز اور مارکیٹ شیئر میں واضح اضافہ کرے گی، جبکہ صارفین کو کم قیمت میں بہترین فیچرز حاصل ہوں گے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔