موبائل فون خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بُری خبر آگئی

Bad news for those planning to buy a mobile phone
اگر آپ آنے والے سال میں نیا اسمارٹ فون خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے اہم ہے۔
ماہرین کے مطابق 2026 اسمارٹ فون خریداروں کے لیے ایک مشکل سال ثابت ہو سکتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اس سال موبائل فونز کی قیمتوں میں واضح اضافہ متوقع ہے۔
بین الاقوامی تجزیہ کار کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی ریم اور میموری چپس کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ ان قیمتوں میں اضافے کا اثر براہِ راست موبائل فونز کی مجموعی لاگت پر پڑے گا۔ اسی وجہ سے کمپنی نے 2026 کے لیے اپنی فروخت سے متعلق پیشگوئیوں پر نظرثانی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے اندازہ تھا کہ اسمارٹ فون مارکیٹ میں بہتری آئے گی، مگر اب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مارکیٹ تقریباً 2.1 فیصد تک سکڑ سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2026 کی دوسری سہ ماہی میں ریم کی قیمتیں مزید 40 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔ صرف 2025 کے آغاز سے دسمبر تک ریم کی قیمتوں میں 8 سے 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ کے مطابق بڑھتی لاگت کی وجہ سے موبائل فون بنانے والی کمپنیاں اپنی پیداوار کم کر سکتی ہیں۔ اس صورتحال میں چھوٹی اور درمیانی کمپنیاں زیادہ متاثر ہوں گی، جبکہ ایپل جیسی بڑی کمپنیوں پر اس کا اثر نسبتاً کم ہوگا۔
ماہرین نے بتایا کہ کئی کمپنیوں نے پہلے ہی لاگت کم کرنے کے لیے فونز کے فیچرز میں تبدیلیاں شروع کر دی ہیں۔ کچھ ماڈلز میں کیمرہ کوالٹی کم کی گئی ہے۔ کہیں ڈسپلے، آڈیو پارٹس یا میموری میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس سب کا مقصد قیمت کو قابو میں رکھنا ہے۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ 2026 میں اسمارٹ فونز کی قیمتیں مجموعی طور پر 7 فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔ تاہم جو صارفین ہمیشہ مہنگے یا فلیگ شپ ماڈلز خریدتے ہیں، انہیں یہ فرق شاید زیادہ محسوس نہ ہو۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












